جاوید اقبال
مینڈھر // سب ڈویژن مینڈھر کے بلاک منکوٹ میں پیر بابا سید معصوم شاہ غازی سے رام کنڈ تک تعمیر کی جا رہی سڑک کے ناقص معیار اور نامکمل کام کو لے کر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا ہے کہ سڑک کی تعمیر میں غیر معیاری مواد استعمال کیا گیا جبکہ کام کو ادھورا چھوڑ دیا گیا ہے، جس کے باعث عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔سماجی کارکن سائیں محمد ابراہیم نے اس معاملے پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے الزام لگایا کہ متعلقہ ٹھیکیدار اور محکمہ تعمیرات عامہ (PWD) کے بعض اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت کے سبب تعمیراتی کام میں سنگین بے ضابطگیاں ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عوامی سہولیات کے لئے جاری کئے گئے فنڈز کا صحیح استعمال نہیں کیا گیا، جس سے نہ صرف سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا بلکہ عوام کی امیدوں کو بھی ٹھیس پہنچی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ سڑک علاقے کے لوگوں کے لئے نہایت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ یہ کئی دیہات کو آپس میں جوڑتی ہے۔ تاہم ناقص تعمیراتی کام کے باعث سڑک جگہ جگہ سے خراب ہو رہی ہے جبکہ بعض حصوں میں کام مکمل ہی نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بارشوں کے دوران صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے اور لوگوں کو آمد و رفت میں شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔سائیں محمد ابراہیم نے کہا کہ اگر سڑک کی تعمیر معیاری طریقے سے مکمل کی جاتی تو عوام کو بہتر سفری سہولت میسر آ سکتی تھی، لیکن غیر ذمہ دارانہ رویے نے پورے منصوبے کو سوالیہ نشان بنا دیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تعمیراتی میٹریل بھی معیار کے مطابق استعمال نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے سڑک کی پائیداری متاثر ہوئی ہے۔انہوں نے حکومت جموں و کشمیر، ضلع انتظامیہ اور محکمہ تعمیرات عامہ کے چیف انجینئر سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ایک اعلیٰ سطحی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے جو موقع پر پہنچ کر کام کا معائنہ کرے اور اس پورے معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات انجام دے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی سطح پر بدعنوانی، غفلت یا فنڈز کے غلط استعمال کے شواہد سامنے آئیں تو ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔مقامی عوام نے بھی مطالبہ کیا کہ سڑک کی تعمیر جلد از جلد مکمل کی جائے تاکہ لوگوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں رابطہ سڑکوں کی خستہ حالی پہلے ہی ایک بڑا مسئلہ بنی ہوئی ہے اور اگر اس اہم سڑک کی تعمیر بھی ناقص انداز میں کی گئی تو عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔