عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// خیبر سیمنٹ نے اپنے کارخانے کے قریب واقع لیونڈر پارک میں ’لیونڈر ڈے 2026‘کی تقریب منعقد کی، جس میں سرکاری حکام، صنعتی شعبے کے نمائندوں اور مقامی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ یہ تقریب مسلسل تیسرے سال منعقد کی گئی، جو کمپنی کے ماحولیاتی تحفظ اور سماجی ذمہ داری کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔تقریب میں جموں و کشمیر پولوشن کنٹرول کمیٹی کے ریجنل ڈائریکٹر کشمیر صفیر شاہ (DCF)، ڈویژنل آفیسر سرینگر بلال احمد خان سمیت متعدد معزز شخصیات شریک ہوئیں۔لیونڈر کے کھلے اور خوشبودار کھیتوں کے درمیان منعقدہ یہ تقریب اس بات کا عملی ثبوت بنی کہ صنعتی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ ایک دوسرے کے مخالف نہیں بلکہ ساتھ ساتھ آگے بڑھ سکتے ہیں۔
لیونڈر پارک جموں و کشمیر میں صنعت اور ماحول کے درمیان ہم آہنگی کی ایک نمایاں مثال بن چکا ہے۔اس موقع پر صفیر شاہ نے لیونڈر پارک کی ترقی اور دیکھ بھال کیلئے خیبر سیمنٹ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمپنی صنعتی ترقی کے ساتھ ماحولیاتی شعور کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے خیبر سیمنٹ کو “جموں و کشمیر کا بہترین سیمنٹ برانڈ” قرار دیے جانے پر مبارکباد بھی پیش کی۔خیبر سیمنٹ کے ڈائریکٹر آپریشنز ریاض ترامبو نے اپنے خطاب میں کہا کہ لیونڈر ڈے صنعت، فطرت اور کمیونٹی کے درمیان مضبوط تعلق کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی ترقی وہی ہے جو خطے کی شناخت کا احترام کرے۔