یو این آئی
موہالی/بی سی سی آئی کے سینٹر آف ایکسی لینس سے مکمل فٹ قرار دیے جانے کے بعد اسٹار بلے باز روہت شرما نے ہندوستانی ون ڈے ٹیم کے ساتھ موہالی میں اختیاری پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ بھارتی کرکٹ ٹیم جمعرات کو دھرم شالہ کے لیے روانہ ہوگی، جہاں ہفتے کے روز انہیں افغانستان کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز کا پہلا مقابلہ کھیلنا ہے۔بدھ کی شام جب روہت شرما پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کے موہالی اسٹیڈیم پہنچے تو انہوں نے سب سے پہلے ممبئی انڈینز کے اپنے سابق ساتھی ایشان کشن کے ساتھ ہلکی جاگنگ کی۔ تھوڑا سا وارم اپ کرنے کے بعد وہ، ایشان کشن اور ہندوستانی ٹی-20 ٹیم کے نئے کپتان شریئس آئیر کے ساتھ بیٹنگ نیٹس پر پہنچ گئے۔روہت شرما نے نیٹ پر سب سے پہلے تیز گیند بازوں کا سامنا کیا۔ نوجوان آل راؤنڈر نتیش کمار ریڈی کی پہلی ہی گیند آف اسٹمپ کے گڈ لینتھ سے تیزی سے اندر آئی اور روہت کے پیڈز پر لگی۔ اس کے بعد انہوں نے ارشدیپ سنگھ اور گورنور برار کی باہر جاتی ہوئی گیندوں کو چھوڑنا بہتر سمجھا۔ پرنس یادو کی گیند پر وہ پہلی بار ہٹ لگانے میں کامیاب ہوئے، تاہم گیند بلے کے بیچ میں نہیں آئی اور اندرونی کنارہ لے کر مڈ وکٹ کی طرف چلی گئی۔