عشرت حسین بٹ
پونچھ// سرنکوٹ کے بفلیاز علاقے میں اتوار کو پیش آئے ہولناک آتشزدگی کے واقعے کے بعد پیر کے روز ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اشوک کمار شرما، ڈی آئی جی راجوری پونچھ رینج اور ایس ایس پی پونچھ نے متاثرہ مارکیٹ کا دورہ کرکے نقصان کا جائزہ لیا۔ اس آتشزدگی کے نتیجے میں 13 دکانیں مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گئی تھیں جس سے دکانداروں کو کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔آگ لگنے کی بنیادی وجہ بجلی کا شارٹ سرکٹ بتایا جا رہا ہے۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری مارکیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور متعدد دکانوں میں رکھا قیمتی سامان، راشن، کپڑے اور دیگر کاروباری اشیاء جل کر خاکستر ہو گئیں۔ مقامی لوگوں اور انتظامیہ کی کوششوں کے باوجود آگ پر قابو پانے میں کافی وقت لگا۔دورے کے دوران متاثرہ دکانداروں اور مقامی عوام نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ جن تاجروں کی دکانیں اس حادثے میں تباہ ہوئی ہیں، ان کے نقصان کا تخمینہ لگا کر انہیں فوری اور مناسب مالی امداد فراہم کی جائے۔
متاثرین نے بتایا کہ بیشتر دکانداروں نے بینکوں سے قرضہ لے کر اپنا کاروبار شروع کیا تھا اور یہی ان کے اہل خانہ کی روزی روٹی کا واحد ذریعہ تھا۔ آتشزدگی کے بعد وہ شدید معاشی بحران کا شکار ہو گئے ہیں۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کے سامنے یہ مسئلہ بھی اٹھایا کہ بفلیاز سرنکوٹ تحصیل کا ایک اہم علاقہ ہونے کے باوجود یہاں مستقل فائر اینڈ ایمرجنسی سروس موجود نہیں ہے۔ عوام کا کہنا تھا کہ اگر فائر بریگیڈ کی گاڑی بروقت پہنچ جاتی تو نقصان کی شدت کو کافی حد تک کم کیا جا سکتا تھا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بفلیاز میں مستقل طور پر فائر اینڈ ایمرجنسی کی گاڑی تعینات کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے فوری نمٹا جا سکے۔اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اشوک کمار شرما نے متاثرہ خاندانوں اور دکانداروں کو یقین دلایا کہ انتظامیہ ان کے نقصانات کی بھرپور تلافی کرنے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جس دن یہ حادثہ پیش آیا اس دن پونچھ میں لیفٹیننٹ گورنر کے ’’نشہ مکت ابھیان‘‘ پروگرام کی وجہ سے وہ خود فوری طور پر موقع پر نہیں پہنچ سکے، تاہم آج صبح انتظامیہ کی پوری ٹیم نے متاثرہ مقام کا معائنہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی اور نقصان کا مکمل جائزہ لے کر مناسب امداد فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر پولیس اور سول انتظامیہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے جبکہ عوام نے انتظامیہ سے فوری ریلیف فراہم کرنے کی اپیل دہرائی۔