محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کے علاقوں میں گزشتہ دو روز سے وقفے وقفے کی بارشوں سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے اور لوگوں کو گرمی کی شدت سے راحت ملی ہے ۔جمعرات کی دوپہر بعد سے موسم ابرآلود ہوگیا اور شام سے پہلے پہلے بانہال اور رام بن کے علاقوں میں ہلکی ہلکی بارشیں ہوئیں اور یہ سلسلہ شام دیر تک جاری تھا۔ بارشوں کی وجہ سے لوگوں خاص کر رام بن کے قدرے گرم علاقوں کے لوگوں کو گرمی کی شدت سے راحت ملی ہے اور بارشوں سے زمینداروں کی طرف سے بوئی گئی مکئی اور دیگر فصلوں کو بھی فائدہ ملنے کی امید ہے۔ پچھلے کئی روز سے تیز دھوپ اور گرمی کی وجہ سے بیشتر ندی نالوں میں پانی کی سطح بہت کم ہوگئی ہے تاہم برف پگھلنے کیوجہ سے دریائے چناب میں پانی کی سطح بڑھ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ کئی روز تک دھوپ اور چھاؤں کے ساتھ ساتھ گرج چمک ،دھند چھانے اور بارشوں کی پیشنگوئی کر رکھی ہے۔ اس دوران بارشوں کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر دونوں طرف سے ٹریفک کی نقل و حرکت بغیر کسی خلل کے جاری رہی اور جمعرات شام تک ہزاروں کی تعداد میں مسافر اور مال بردار گاڑیوں نے دونوں طرف کے سفر میں اپنی منزلوں کا رخ کیا۔