یو این آئی
نئی دہلی//سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا ہے کہ ہندوستان کو ایندھن کے شعبے میں خود کفیل بنانے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر انحصار کم کرنا ہوگا اور اس کے لیے ایتھنول، ہائیڈروجن اور دیگر متبادل ایندھنوں کو بڑے پیمانے پر اپنانے کی ضرورت ہے مسٹر گڈکری نے جمعرات کو آٹو موبائل بنانے والی کمپنی ماروتی سوزوکی کی جانب سے ملک کی پہلی فلیکس فیول کار کی نقاب کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلیکس ایندھن والی گاڑیاں کسانوں، ماحولیات اور ملک کی معیشت کیلئے فائدہ مند ہیں اور ان کے وسیع استعمال سے آلودگی کم کرنے کے ساتھ ساتھ توانائی کی حفاظت کو بھی مضبوطی ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ان کے پاس ٹرانسپورٹ کی وزارت ہے اور انہیں اس بات پر گہرا دکھ ہے کہ ملک میں تقریبا 30 فیصد فضائی آلودگی کے لیے ٹرانسپورٹ کا شعبہ ذمہ دار ہے۔