عظمیٰ نیوز سروس
شیلانگ //مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو شیلانگ میں شمال مشرقی کونسل کے 73ویں مکمل اجلاس کی صدارت کی۔ اس اجلاس میں شمال مشرقی خطے کی ترقی کے مرکزی وزیر جیوترادتیہ سندھیا, میگھالیہ کے گورنر سی ایچ وجے شنکر, میگھالیہ کے وزیر اعلیٰ کونراد کے سنگما, ڈونر کے مرکزی وزیر مملکت سکانت مجومدار, مرکزی داخلہ سیکریٹری گووند موہن اور ڈونر سیکریٹری سنجے جاجو شامل ہوئے۔
اس کے علاوہ اروناچل پردیش، آسام، منی پور، تریپورہ، میزورم، ناگالینڈ اور سکم کے گورنرز اور وزرائے اعلیٰ سمیت دیگر اعلیٰ حکام اور معزز شخصیات نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی۔اس سے قبل گفتگو کرتے ہوئے سکم کے وزیر اعلیٰ پریم سنگھ تمانگ نے اجلاس کے مقصد کو اجاگر کرتے ہوئے اسے “انتہائی اہم” قرار دیا، کیونکہ اس میں شمال مشرقی خطے کے لیے متعدد منصوبوں اور اسکیموں پر فیصلے کیے جائیں گے۔سکم کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شمال مشرقی کونسل کا 73واں مکمل اجلاس منعقد ہونے جا رہا ہے۔ یہ ایک انتہائی اہم اجلاس ہے، کیونکہ اس کے ذریعے اس خطے کے لیے مختلف منصوبوں اور اسکیموں پر فیصلے کیے جاتے ہیں۔اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو نے کہا کہ شمال مشرقی کونسل نے خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام آٹھ ریاستیں “وِکست 2047” کے ہدف کی طرف اپنے اپنے انداز میں منصوبہ بندی کے عمل کو مضبوط بنا رہی ہیں۔