عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈ لوم نے کشمیر کی روایتی قالین بافی کی صنعت کو مضبوط بنانے اور کاریگروں کی مہارتوں کو بڑھانے کیلئے اپنے جدید ترین اِنڈین اِنسٹی چیوٹ آف کارپٹ ٹیکنالوجی (آئی آئی سی ٹی)کے ذریعے وزارتِ ٹیکسٹائل کے زیر اہتمام” سمارتھ”سکیم کے تحت مہارت بڑھانے کا تربیتی پروگرام شروع کیا ہے۔’سمارتھ’ وزارتِ ٹیکسٹائل کی ایک اہم سکیم ہے جس کا مقصد دستکاری شعبے میں روزگار کو بہتر بنانے اور دیرپا معاش کو فروغ دینے کے لئے مانگ پر مبنی اور صنعت کے مطابق تربیت فراہم کرنا ہے۔یہ پروگرام نیشنل سکلز کوالی فیکیشن فریم ورک (این ایس کیو ایف)کے ساتھ منسلک ہے جو قومی سطح پر تسلیم شدہ تربیت اور سرٹیفکیشن کے معیارات کو یقینی بناتا ہے۔
محکمہ کے ترجمان کے مطابق اس پروگرام کے تحت کشمیر کے آٹھ اضلاع سے تعلق رکھنے والی 180 خواتین کو دو ماہ کی مدت میں جدید سٹیل قالین لومز پر ریشمی قالین بافی کی تربیت دی جائے گی۔ ہر ضلع سے 20 خواتین جبکہ سری نگر جو قالین بافی کا ایک بڑا مرکز ہے، سے 40 خواتین کو شامل کیا جائے گا۔اِس موقع پر ڈائریکٹرآئی آئی سی ٹی زبیر احمد نے بتایا کہ کم از کم 80 فیصد حاضری رکھنے والی تربیت یافتہ خواتین کو فی کورس 5000 روپے وظیفہ دیا جائے گا جس سے انہیں مہارت کے ساتھ مالی معاونت بھی حاصل ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی تربیت فراہم کرنے والے ماسٹر ٹرینرز کو ماہانہ 20,000 روپے اعزازیہ دیا جائے گا جبکہ تربیتی عمل پر تقریبا 3.60 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پروگرام کی شفافیت اور معیار کو یقینی بنانے کے لئے وزارتِ ٹیکسٹائل کے مقرر کردہ آڈیٹرز کے ذریعے تھرڈ پارٹی آڈِٹ اور تصدیق کی جائے گی۔ اس کے علاوہ آدھار پر مبنی بائیومیٹرک حاضری نظام بھی نافذ کیا گیا ہے۔محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم کشمیر دنیا بھر میں مشہور کشمیری قالین بافی کے احیا ، تحفظ اور فروغ کے لئے مختلف اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ جدیدبنائی بنیادی ڈھانچے کی جدید کاری، ہنر کی اپ گریڈیشن، کاریگروں کی فلاح و بہبود کے اقدامات، مارکیٹ روابط، جی آئی پروٹیکشن اور سمارتھ جیسے پروگراموں کے ذریعے محکمہ اس صدیوں پرانے ورثے کو محفوظ رکھنے اور بالخصوص وادی کی خواتین کاریگروں کے لئے دیرپا روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہے۔