آج اور کل مغربی ہواؤں کے ایک اور مرحلہ کی پیشگوئی
عارف بلوچ +مشتاق الاسلام+سید اعجاز
اننت ناگ +پلوامہ+ترال// جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے گنجیواڑہ علاقے میں منگل کی شام تیز ہوائوں کے دوران ایک بڑا درخت سڑک پر چل رہے میاں بیوی پر گرا، جس کے نتیجے میں ایک شخص کی موت ہو گئی اور اس کی بیوی شدید زخمی ہو گئی۔رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ گنجیواڑہ کے قریب تیز ہوائوں کی وجہ سے سڑک کے کنارے ایک درخت اکھڑ گیا، جس سے لال چوک-جی ایم سی اننت ناگ سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت میں خلل پڑا۔پولیس نے مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر جائے وقوعہ پر کلیئرنس آپریشن کیا اور سڑک کے ایک طرف ٹریفک کو بحال کیا جبکہ راستے کو مکمل طور پر کھولنے کی کوششیں کیں۔زخمیوں کی شناخت محمد رفیق کجوال اور ان کی اہلیہ کے نام سے ہوئی ہے، جو براری آنگن، شانگس کے رہائشی ہیں۔ دونوں کو فوری طور پر علاج کے لیے جی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا گیا۔تاہم، محمد رفیق بعد میں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، جب کہ ان کی اہلیہ تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں۔
پلوامہ
ضلع پلوامہ کے متعدد علاقوں میں منگل کی سہ پہر شدید ژالہ باری نے میوہ باغات اور کھڑی فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا۔ ژالہ باری کا سب سے زیادہ اثر پانپور کے مختلف علاقوں کھریو، شارشالی، دسو، کدلہ بل، نمبلہ، بل، درنگ بل اور کنڈی زال سمیت کئی دیہات میں دیکھا گیا۔اسی طرح نیوہ پلوامہ کے گوسو، وہی بگ، لونہ پورہ، چرسو، گڈورہ، جڈورہ اور ایندر علاقوں میں بھی باغات اور فصلوں کو نقصان پہنچا۔ مقامی لوگوں کے مطابق ژالہ باری دوپہر تقریبا 3 بج کر 35 منٹ پر شروع ہوئی اور 10 سے 15 منٹ تک جاری رہی۔لوگوں کا کہنا ہے کہ ژالہ باری اتنی شدید تھی کہ کچھ منٹوں میں ہی زمین پر اولوں کی موٹی تہہ بچھ گئی۔ ادھر محکمہ باغبانی کے حکام نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے ابتدائی نقصان کا جائزہ لیا۔ محکمہ کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران بار بار ہونے والی ژالہ باری سے ضلع کے کم از کم 24 علاقوں میں باغات کو 10 سے 20 فیصد تک نقصان پہنچ چکا ہے۔متاثرہ کاشتکاروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سیب کے باغات اور دیگر فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کا تفصیلی سروے کرانے کے لیے ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے ۔ادھرترال کے کئی علاقوں میں تباہ کن ژالہ باری سے میوہ جات،فصلیں اور سبزیاں تباہ ہوئیں۔ آری پل ترال کی کئی بستیوں میں منگل سہ پہر شدید ژالہ باری ہوئی ، جس کی وجہ سے فصلوں اور میوہ جات کو سخت نقصان پہنچا ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ تحصیل کے ہندورہ،سید آباد پستونہ اور واگڈ علاقوں میںاچانک بارشیں شروع ہوئی اور اسی اثنا میں شدید ژالہ باری شروع ہوئی جو کچھ منٹ تک جاری رہی جس کے نتیجے میں میوہ باغات اور دیگر فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ۔اسے قبل ترال کے مندورہ،زاری ہاڑ اور دیگر بستیوں میں بھی شدید ژالہ باری ہوئی جس کے نتیجے میں یہاںمیوہ باغات تباہ ہوئے۔
موسم
وادی کشمیر میںآج شام یا رات سے 5 جون تک ایک تازہ مغربی ڈسٹربنس متوقع ہے جس سے تیز ہوائوں اور ژالہ باری کے ساتھ وسیع بارش/گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوں گی۔ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔موجودہ اشارے کے مطابق چوٹی کی سرگرمی 04 اور 05 جون کو متوقع ہے۔
سرینگر سیزن کی گرم ترین رات ریکارڈ
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سرینگر نے موسم کی اپنی گرم ترین رات کا تجربہ کیا ہے، جہاں کم از کم درجہ حرارت 19.2 ڈگری پر طے ہوا، جو جون کے اوائل میں معمول کی سطح سے نمایاں طور پر زیادہ تھا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق موسم گرما کے دارالحکومت میں رات کے وقت غیر معمولی طور پر گرمی محسوس کی گئی کیونکہ گرم موسم کے جاری سلسلے کے درمیان وادی کشمیر کے بیشتر حصوں میں درجہ حرارت بلند رہا۔دیگر موسمی مراکز میں قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 17.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کپواڑہ میں 15.2 ، کوکرناگ میں16.5 اور پہلگام میں روایتی طور پر 12.4 ڈگری ،گلمرگ میں 10.5 ڈگری جبکہ سونمرگ میں 11.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سرینگر ہوائی اڈہ پر 17.4، بانڈی پورہ 17.6، شوپیان 13.2، کولگام میں 17.6، پلوامہ میں 16.5 اور اننت ناگ میں 16.5 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
دریائے کشن گنگا میں پھنسے شہری
فوج نے گریز سیکٹر میں بچا لیا
فوج نے گریز سیکٹر میں بچا لیا
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ہندوستانی فوج نے جموں و کشمیر کے بانڈی پورہ کے گریز سیکٹر میں تیز بہائو کی وجہ سے دریائے کشن گنگا میں پھنسے ہوئے شہریوں کو بچا لیا۔ حکام نے منگل کو بتایاکہ گریز کے چکوالی علاقے میں شہری اپنی گاڑیوں میں اس وقت پھنس گئے جب ان کی گاڑیاں پیر کی رات تیز بہائو میں پھنس گئیں۔وادی کشمیر میں جاری ہیٹ ویو کے درمیان، لائن آف کنٹرول کے قریب واقع خوبصورت گریز وادی میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوا ہے۔حکام کے مطابق یہ واقعہ رات کے وقت پیش آیا جب کئی لوگ مشکل حالات اور بڑھتے ہوئے پانی کے درمیان دریا میں پھنسے ہوئے پائے گئے۔ فوج کے اہلکاروں نے ریسکیو آپریشن شروع کیا اور پھنسے ہوئے شہریوں کو بحفاظت باہر نکالا۔