عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// محکمہ موسمیات ہند (آئی ایم ڈی) نے ملک کے مختلف حصوں میں 3 جون تک شدید بارشوں، گرج چمک اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کرتے ہوئے عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔ محکمہ کے مطابق جنوبی، مشرقی، شمالی اور مغربی ہندوستان کے بیشتر علاقوں میں موسم غیر مستحکم رہے گا جبکہ بعض ریاستوں میں شدید گرمی کی لہر بھی جاری رہے گی۔آئی ایم ڈی کے مطابق بہار، پنجاب، راجستھان اور اتر پردیش میں 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رفتار رکھنے والی آندھی اور طوفانی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ اسی طرح چھتیس گڑھ، مغربی بنگال، جموں و کشمیر، لداخ اور کرناٹک میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آندھرا پردیش، تلنگانہ، مدھیہ پردیش، ودربھ اور مغربی راجستھان کے کئی علاقوں میں ہیٹ ویو برقرار رہے گی جبکہ رائلسیما، تمل ناڈو اور پڈوچیری میں گرم اور مرطوب موسم لوگوں کو پریشان کرسکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق تلنگانہ میں یکم جون تک جبکہ ساحلی آندھرا پردیش اور یانام میں 31 مئی اور یکم جون کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ رائلسیما میں بھی 30 اور 31 مئی کے دوران بارش اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔آئی ایم ڈی نے بتایا کہ جنوب مغربی مانسون کی پیش قدمی کے لیے حالات سازگار ہوتے جا رہے ہیں اور آنے والے دنوں میں ملک کے مزید علاقوں میں مانسون کے پہنچنے کی توقع ہے۔ محکمہ نے عوام کو ہدایت دی ہے کہ خراب موسم کے دوران کھلے میدانوں میں جانے سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔دہلی-این سی آر میں جمعرات کی شام موسم میں اچانک تبدیلی دیکھنے میں آئی۔ شہر کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ وہیں ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے اگلے چند گھنٹوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے پورے شہر میں خراب موسم کی وارننگ دی ہے۔ آئی ایم ڈی نے کہا کہ دہلی میں کئی مقامات پر بجلی گرنے، غبار آلود آندھی اور ژالہ باری کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے جس میں ہوا کی رفتار 80 کلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچ جائے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور گرج کے ساتھ یہ سلسلہ 31 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ (ڈائل) نے مطلع کیا ہے کہ خراب موسم اور طوفان کے امکان کی وجہ سے دہلی ایئرپورٹ پر کچھ پروازوں پر اثر پڑسکتا ہے۔ ایئر پورٹ انتظامیہ نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ پرواز کی معلومات کے لیے اپنی متعلقہ ایئرلائنز سے رابطہ کریں۔اسکائی میٹ کے مہیش پلاوت نے کہا کہ راجستھان کے شمالی حصوں میں پہلے ہی گرج کے ساتھ بارش شروع ہو چکی ہے اور شام تک دہلی میں بھی یہ سلسلہ شروع ہونے اور پوری رات جاری رہنے کا اندازہ ہے۔