محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن اور بانہال کے مختلف علاقوں میں پیر کی صبح سے شروع ہونے والی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے شام تک جاری رہا، جس دوران کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارش ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ کئی روز سے جاری دھوپ، بارش اور ابر آلود موسم کے امتزاج نے ضلع رامبن کے موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے، جبکہ رام بن، چندرکوٹ، دھرم کنڈ اور سنگلدان جیسے نسبتاً گرم علاقوں میں لوگوں کو گرمی کی شدت سے خاطر خواہ راحت ملی ہے۔بارشوں سے زرعی شعبے سے وابستہ افراد نے بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ مقامی زمینداروں کے مطابق مکئی اور سبزیوں کی فصلوں کیلئے یہ بارشیں نہایت فائدہ مند ثابت ہوں گی، جس سے فصلوں کی بہتر پیداوار کی امید بڑھ گئی ہے۔ادھر جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بغیر کسی بڑی رکاوٹ کے جاری رہی اور دونوں اطراف ہزاروں مسافر اور مال بردار گاڑیاں اپنی منزلوں کی طرف روانہ ہوتی رہیں۔ ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ماروگ اور شیر بی بی کے درمیان شاہراہ کئی مقامات پر ابھی بھی صرف یکطرفہ ٹریفک کیلئے موزوں ہے۔انہوں نے کہا کہ متعدد مقامات پر سڑک کی تنگی، گوجر بکروال خانہ بدوش کنبوں کی نقل و حرکت اور بعض مال بردار گاڑیوں کے خراب ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو جاتی ہے، جس کے باعث گاڑیوں کو مرحلہ وار گزارا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق شاہراہ پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے متعلقہ عملہ مسلسل نگرانی میں مصروف ہے۔