عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع پولیس کشتواڑ نے غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے چھاترو کے علاقہ رہل اندروال میں معمول کی گشت کے دوران ایک دیسی ساختہ پستول (دیسی کٹّا) برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق 24مئی کو پولیس سٹیشن چھاترو کی ایک ٹیم ۔جس کی قیادت پی ایس آئی مجید شفی کر رہے تھے ، رہل اندروال کے علاقے میں معمول کی گشت پر مامور تھی، اسی دوران انہیں ایک قابلِ اعتماد اطلاع موصول ہوئی کہ ایک شخص نے غیر قانونی طور پر اسلحہ اپنے قبضے میں رکھا ہواہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم فوری طور پر حرکت میں آئی اور مشتبہ شخص شبیراحمد ولد غلام علی ساکن رہل اندروال کے گھر پہنچی۔ پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے ایک دیسی کٹّا اپنے گھر کے باہر لکڑی کے گٹھوں میں چھپا رکھا ہے۔ بعد ازاں پولیس نے موقع پر تلاشی کے دوران سبز اور سفید کپڑے میں لپٹا ہوا ایک دیسی کٹّا لکڑیوں کے درمیان سے برآمد کر لیا۔ ملزم اس اسلحہ کے لیے کوئی قانونی لائسنس یا اجازت نامہ پیش نہ کر سکا، جس پر پولیس نے اسلحہ ضبط کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی۔اس سلسلے میں پولیس سٹیشن چھاترو میں ایف آئی آر زیر نمبر 19/2026زیر دفعہ 3/25آرمز ایکٹ درج کر کے مزید تحقیقات جاری ہے۔