زاہد بشیر
گول//خطے میں ماحولیاتی سیاحت کو فروغ دینے اور قدرتی ورثے کو اُجاگرکرنے کے مقصد سے سب ڈویژن انتظامیہ گول نے ضلع انتظامیہ رام بن کے زیرِ اہتمام گول کے خوبصورت مقام ڈھیریان ٹاپ، تنگالی میں پہلا آئرس فلاور بلوم فیسٹیول منعقد کیا۔ڈپٹی کمشنر رام بن محمد الیاس خان نے بطور مہمانِ خصوصی فیسٹیول کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایس ڈی ایم گول امتیاز احمد، تحصیلدار گول ہرجیت سنگھ، سول و پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ افسران، معزز شہری، مقامی فنکار، اسکولی بچے اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے ایس ڈی ایم گول اور منتظمین کو علاقے میں اپنی نوعیت کے پہلے فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب گول اور اس کے ملحقہ علاقوں میں سیاحت کے بے پناہ امکانات اور ثقافتی شناخت کی عکاسی کرتی ہے۔
ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھلے میدانوں میں کھلے آئرس پھول انسان اور فطرت کے درمیان ہم آہنگی اور ماحول کے تحفظ کی اجتماعی ذمہ داری کی علامت ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایسے فیسٹیول سیاحوں کو راغب کرنے اور مقامی آبادی کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے اسکولی بچوں اور مقامی لوک فنکاروں کی شاندار ثقافتی پیشکشوں کو بھی سراہا جنہوں نے ضلع رام بن کی روایات اور ثقافت کو خوبصورت انداز میں پیش کیا۔تقریب کی ایک بڑی کشش طلبہ کی جانب سے پیش کیے گئے آگاہی ڈرامے اور ثقافتی پروگرام تھے جن میں خاص طور پر منشیات کے ناسور پر روشنی ڈالی گئی۔ لیفٹیننٹ گورنر کی جانب سے شروع کی گئی 100 روزہ ‘‘نشہ مْکت جموں و کشمیر’’ مہم کا ذکر کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے نوجوانوں کو کھیلوں، ثقافتی سرگرمیوں اور سماجی تقریبات میں مصروف رکھنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ وہ منشیات اور دیگر سماجی برائیوں سے دور رہ سکیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات فروشی میں ملوث عناصر کی نشاندہی میں انتظامیہ کا تعاون کریں اور خاندانوں و سماج سے کہا کہ وہ نشے کے شکار افراد کی کونسلنگ اور بحالی میں مدد کریں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایس ڈی ایم گول امتیاز احمد نے کہا کہ پہلے آئرس فلاور فیسٹیول کا مقصد گول سب ڈویژن کی سیاحتی صلاحیت، قدرتی حسن، مقامی ثقافت اور روایتی کھانوں کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوبصورت تونگلی علاقہ، جو ‘‘ویلی آف فلاورز’’ کے نام سے مشہور ہے، کو اس تقریب کے لیے اس لیے منتخب کیا گیا کیونکہ یہاں آئرس پھول پوری آب و تاب کے ساتھ کھلے ہوئے ہیں جو سیاحوں کے لیے ایک دلکش منظر پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے تقریب کو کامیاب بنانے میں مقامی عوام کے پْرجوش تعاون اور شرکت کو سراہا۔ایس ڈی ایم نے سول سوسائٹی اراکین، مقامی نوجوانوں اور مختلف محکموں سمیت تمام متعلقہ فریقین کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس تقریب کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔فیسٹیول مقام پر قدرتی آئرس پھولوں کے حسین باغات، فوٹو پوائنٹس اور مقامی کھانوں و دستکاری کی نمائش کے اسٹالز سجائے گئے تھے۔ تقریب اختتام پذیر ہوئی تو ڈپٹی کمشنر نے مقامی فنکاروں، موسیقاروں، اسکولی بچوں اور عوام کا ان کی پْرجوش شرکت اور پہلے فیسٹیول کو کامیاب بنانے پر شکریہ ادا کیا۔