غلام نبی رینہ
کنگن //ڈویژنل کمشنر کشمیر نے برف صاف کرنے کی کارروائیوں کے بعد سرینگر لداخ روڈ کو درمیانے اور بھاری موٹر گاڑیوں کی دو طرفہ ٹریفک کی نقل و حرکت کے لیے دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ ایک سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق کہ سخت حفاظتی رہنما خطوط اور موسم سے متعلق حالات کے تحت سڑک کو 15 مئی 2026 سے کھلا قرار دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ گاندربل، دراس اور کرگل کی ضلعی انتظامیہ گاڑیوں کی نقل و حرکت کی اجازت دینے اور ٹریفک کے اوقات کا فیصلہ کرنے سے پہلے روزانہ کی بنیاد پر موسمی ہدایات کا جائزہ لیں گی۔
حکام نے ٹریفک پولیس کو سونمرگ میںچیک پوسٹ قائم کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے، جبکہ ریکوری وینیں پھنسے ہوئے گاڑیوں کی مدد کے لیے ہائی وے کے اوپری حصوں پر کھڑی رہیں گی۔ادھر میگا انجینئرنگ انفراسٹرکچر لمیٹیڈ کمپنی کا کہنا ہے کہ زوجیلا ٹنل کا بریک تھرو اسی مہینے کے آخر میں ہونے کے امکانات ہیں کیونکہ 15 مئی کو ٹنل کے بریک تھرو میں 190میٹر رہ گئے ہیں۔کمپنی کا کہنا ہے کہ ٹنل مکمل ہونے کے بعد 3گھنٹے کا سفر صرف 15منٹ میں طے ہوگا۔انہوں نے کہا کہ زوجیلا ٹنل پر اب200 میٹرسے کم کھدائی کا کام رہ گیا ہے۔ 13 کلو میٹر زوجیلا ٹنل پر 2018 پر کام شروع کیاگیا ہے۔ تعمیراتی کمپنی کے افسروں کا کہنا ہے کہ اب ٹنل کی کھدائی کا کام نفسیاتی 200 میٹرسے کم رہ گیا ہے اور کھدائی کا کام جلد مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹنل میں 1400 لوگ کام کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ 2028 میں اس کو مکمل کرکے عوام کے نام وقف کیا جائیگا۔