حکومت زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ، نوجوان خود کو بچائیں:منوج سنہا
شاہد ٹاک
شوپیان// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ منشیات فروشوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی آئندہ بھی جاری رہے گی اور دنیا کی کوئی طاقت انہیں قانون کے شکنجے سے نہیں بچا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معاشرے سے منشیات جیسی لعنت کے مکمل خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ نوجوان نسل کو محفوظ اور بہتر مستقبل فراہم کیا جاسکے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے شوپیان میں انڈور سٹیڈیم کا افتتاح کیا اور جنوبی کشمیر والی بال ٹورنامنٹ کا بھی افتتاح کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منوج سنہا نے منشیات کے مسئلے پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروش اور ان کے حمایتی یہ بات اچھی طرح سمجھ لیں کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور اگر انہیں بہتر رہنمائی، جدید سہولیات اور مناسب مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنی زندگی میں نظم و ضبط، محنت اور لگن کو اپنائیں۔انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور حکومت کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر میں کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے مواقع میسر آسکیں۔اس موقع پر وزیر کھیل ستیش شرما بھی موجود تھے۔