محتشم احتشام
پونچھ// ضلع پونچھ کے بنپت علاقے میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مبینہ ’ببھر شیر‘ کی ویڈیو کے حوالے سے پھیلنے والی افواہوں پر معروف ماہر تعلیم و سماجی شخصیت پروفیسر فتح محمد عباسی نے وضاحت جاری کرتے ہوئے ویڈیو کو مکمل طور پر جعلی اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بغیر تصدیق کسی بھی ویڈیو یا خبر کو آگے پھیلانے سے گریز کیا جائے تاکہ معاشرے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا نہ ہو۔پروفیسر فتح محمد عباسی نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو کو بنپت پونچھ سے جوڑنا حقائق کے منافی ہے۔
ان کے مطابق بعض شرپسند عناصر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا غلط استعمال کرتے ہوئے عوام میں سنسنی پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں،حالانکہ زمینی سطح پر ایسی کسی بھی واقعے کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ پونچھ ہمیشہ سے امن، بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کی علامت رہا ہے اور اس قسم کی جھوٹی افواہیں عوامی ذہنوں میں بے چینی پیدا کرنے کا سبب بنتی ہیں۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اور سوشل میڈیا پر آنے والی غیر مصدقہ معلومات کو شیئر کرنے سے پہلے متعلقہ اداروں یا معتبر ذرائع سے تصدیق ضرور کریں۔مقامی عوامی حلقوں نے بھی پروفیسر عباسی کے بیان کو سراہتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر جھوٹی اور سنسنی خیز خبروں کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے، جس کے باعث لوگوں میں خوف اور اضطراب پیدا ہوتا ہے۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ افواہیں پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو گمراہ ہونے سے بچایا جا سکے۔واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی تھی جس میں مبینہ طور پر ‘‘ببھر شیر’’ کی موجودگی کا دعویٰ کیا جا رہا تھا، تاہم اب مقامی سطح پر اس دعوے کو بے بنیاد قرار دیا جا رہا ہے۔