محتشم احتشام
پونچھ // ضلع پونچھ کی اہم رابطہ سڑک پونچھ تا جھلاس ان دنوں شدید خستہ حالی کا شکار ہے جس کے باعث مقامی آبادی کو روزمرہ آمد و رفت میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سڑک کی ابتر حالت پر عوامی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے جبکہ مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام کی بے توجہی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔اسی سلسلے میں سماجی و سیاسی کارکن امن ڈابر کی قیادت میں ایک عوامی وفد نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے ملاقات کی اور سڑک کی ناگفتہ بہہ حالت سے انہیں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
خوفد نے کہا کہ پونچھ تا جھلاس سڑک گزشتہ کئی برسوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، جگہ جگہ بڑے بڑے گڑھے پڑ چکے ہیں جبکہ معمولی بارش کے بعد سڑک تالاب کا منظر پیش کرنے لگتی ہے۔اس صورتحال کے باعث نہ صرف مسافروں بلکہ طلبہ، مریضوں اور تاجروں کو بھی شدید مشکلات جھیلنی پڑ رہی ہیں۔وفد کے اراکین نے اس موقع پر رکن اسمبلی اعجاز احمد جان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ عوامی نمائندے انتخابی وعدوں کے باوجود علاقے کی بنیادی سہولیات کی بہتری میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔وفد کے قائد امن ڈابر نے سخت لہجے میں کہا کہ سڑک کی حالت اس قدر خراب ہو چکی ہے کہ اگر اس پر مٹی ڈال کر کھیتی کی کوشش کی جائے تو شاید فصل بھی اگ آئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اب صرف اعلانات نہیں بلکہ عملی اقدامات دیکھنا چاہتے ہیں۔وفد نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے مطالبہ کیا کہ پونچھ تا جھلاس سڑک کی فوری بنیادوں پر مرمت اور بلیک ٹاپنگ عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے وفد کو یقین دلایا کہ معاملے کا جائزہ لے کر متعلقہ محکمہ کو ضروری ہدایات جاری کی جائیں گی۔ دوسری جانب عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ انتظامیہ اس اہم عوامی مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے گی۔