عارف بلوچ
اننت ناگ// اننت ناگ کے کورٹ روڈ مٹن چوک علاقے میں قائم ایک مسجد اور مدرسہ (دارالعلوم فیضان بابا حیدر ریشی) میں پیراورمنگل کی درمیانی پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعہ میں ایک12سالہ کمسن طالب علم جاں بحق جب کہ3 دیگرنوعمر طالب علم جھلس کر زخمی ہو گئے۔پیراورمنگل کی درمیانی دارالعلوم مدنی تربیت گاہ (دارالعلوم فیضان بابا حیدر ریشی)اورمنسلک مسجدواقع کورٹ روڈ مٹن چوک اننت ناگ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کے ایک حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
واقعہ کے فوراً بعد فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، پولیس اور مقامی لوگوں نے مشترکہ طور پر بچاؤ اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی اور کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔اس حادثے میں 4نوعمرطلباء جھلس کر زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق زخمی طلبا کی عمریں 12 سے17 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔ ڈاکٹروں نے جی ایم سی اننت ناگ میں ایک زخمی طالب علم کو مردہ قرار دیا، جس کی شناخت12 سالہ بلال احمد کمار ولد محمد اکبر ساکن وڈون کے طور پر ہوئی ہے۔ڈاکٹروں کے مطابق باقی3 زخمی طلباء میں سے2کا علاج جی ایم سی اننت ناگ میں جاری ہے جبکہ ایک کی حالت نازک ہونے کے باعث اسے مزید بہتر علاج کے لیے سری نگر کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ زخمیوں کی شناخت ثابت فیاض اور ساحل احمدساکنان سنگلدان اور عرفان احمد ساکنہ پہلگام کے طور پر ہوئی ہے۔حکام نے بتایاکہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے، تاہم پولیس نے واقعے کا نوٹس لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ اصل وجوہات کا پتہ چلایا جا سکے۔واقعہ کے بعد علاقے میں تشویش اور غم والم کی لہر دوڑ گئی ہے اور مقامی لوگوں نے متاثرہ خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ ادارے کی بازآبادکاری اور زخمیوں کے بہتر علاج کو یقینی بنایا جائے۔ یار رہے دوران شب اننت ناگ میں یہ دوسرا آتشزدگی کا واقعہ ہے۔ کیونکہ ہرناگ اننت ناگ میں پیش آئے اس واقعے میں رہائشی عمارت میں بنا ایک شاپنگ کمپلیکس خاکستر ہو گیا۔