مختلف علاقوں میں ہلکی تا تیز بارش، جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک معمول کے مطابق جاری
محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کے مختلف علاقوں میں منگل کے روز ہونے والی بارشوں کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا اور گزشتہ کئی روز سے بڑھتی ہوئی گرمی کی شدت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ بارش کے بعد ٹھنڈی ہواؤں نے لوگوں کو شدید گرمی سے راحت پہنچائی ہے اور شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔اطلاعات کے مطابق منگل کی صبح سے ہی بانہال، رامسو، کھڑی، چندرکوٹ اور رامبن کے متعدد علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو وقفے وقفے سے جاری رہا۔ چندرکوٹ اور رامبن کے بعض علاقوں میں بارش نسبتاً تیز ریکارڈ کی گئی جس کے باعث موسم مزید خوشگوار ہوگیا۔ بارشوں کے دوران بعض مقامات پر ٹھنڈی ہوائیں بھی چلتی رہیں جس سے درجہ حرارت میں واضح کمی محسوس کی گئی۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہورہا تھا جس کے باعث لوگوں کو سخت گرمی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، تاہم منگل کے روز ہونے والی بارش نے موسم کو یکسر تبدیل کردیا اور لوگوں نے راحت کی سانس لی۔ادھر بارشوں کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بغیر کسی خلل کے جاری رہی۔ ٹریفک حکام کے مطابق شاہراہ پر دونوں جانب سے گاڑیوں کی آمد و رفت معمول کے مطابق چلتی رہی اور کہیں سے بھی کسی بڑی رکاوٹ یا لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ منگل کی شام تک مسافر گاڑیاں، مال بردار ٹرک اور دیگر ٹریفک اپنی اپنی منزلوں کی جانب رواں دواں تھے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ کئی روز تک بھی بعض علاقوں میں ہلکی بارشوں کا امکان موجود ہے جس سے موسم مزید خوشگوار رہنے کی توقع کی جارہی ہے۔