محتشم احتشام
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کو وادیٔ کشمیر سے جوڑنے والی تاریخی مغل روڈ پر پیر کی گلی علاقے میں ایک فوجی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 20راشٹریہ رائفلزکے تین فوجی اہلکار زخمی ہوگئے۔حادثے کے بعد علاقے میں کچھ دیر کے لیے افرا تفری کا ماحول پیدا ہوگیا جبکہ فوج اور ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کو طبی امداد فراہم کی۔ذرائع کے مطابق یہ حادثہ پیر کی گلی سیکٹر میں اُس وقت پیش آیا جب فوج کی ایک گاڑی اچانک بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہوگئی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق خراب موسمی صورتحال اور دشوار گزار سڑک حادثے کی ممکنہ وجوہات میں شامل ہوسکتی ہیں، تاہم حکام کی جانب سے ابھی تک حادثے کی اصل وجہ کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوجی حکام، مقامی پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمی فوجیوں کو قریبی طبی مرکز منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ فوجی ذرائع نے بتایا کہ زخمی اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے اور انہیں ضروری طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔