عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اپنی پارٹی سربراہ سید الطاف بخاری کی قیادت میں پارٹی رہنمائوں نے سرینگر کے اچھن علاقے میں قائم کوڑا کرکٹ کے ڈمپ کے باعث سالہا سال سے کسمپرسی کی زندگی گزارنے والے باشندگان سے ملاقات کی اور متعلقہ علاقوں کا دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ ایک احتجاجی دھرنا بھی دیا۔کچرا ڈمپ سے اٹھنے والی ناقابلِ برداشت بدبو نے صورتحال کو سنگین بنا دیا ہے، جس کے باعث مقامی باشندوں اور قریبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے سید بخاری نے کہا کہ یہ ایک انسانی مسئلہ ہے جس پر فوری توجہ دیے جانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا، ہم یہاں سیاست دانوں کی حیثیت سے یا کسی سیاسی جماعت کے نمائندوں کی حیثیت سے نہیں آئے ہیں۔ یہ ایک نہایت سنگین مسئلہ ہے، اور ہم کبھی بھی ایسے حساس عوامی معاملے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش نہیں کریں گے۔ یہ مسئلہ اب عوامی صحت کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔ ہم یہاں اس لیے آئے ہیں کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس مسئلے کا حل تلاش کرنا ضروری ہے۔ یہ ایک دیرینہ مسئلہ ہے۔ یہ کچرا ڈمپ 1983 میں یہاں قائم کیا گیا تھا، اور تب سے لوگ اس کی وجہ سے مسلسل مشکلات کا شکار ہیں۔ آج سرینگر، گاندربل اور بڈگام سمیت مختلف اضلاع سے تقریباً 700 ٹن کچرا روزانہ یہاں پھینکا جا رہا ہے۔اپنی پارٹی صدر نے مزید کہا، اس مسئلے کے حل کے لیے ایک مستقل اور سائنسی نظام ہونا چاہیے۔ ہم عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ اس بحران سے نکلنے کا راستہ تلاش کرنے کے لیے ہم کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے۔ آج سے ہم خود کو بھی اس جدوجہد کا فریق ہونگے۔انہوں نے مزید کہا، تاہم اب یہ واضح ہو چکا ہے کہ یہ تمام بلند بانگ دعوے اور وعدے جھوٹ اور دھوکے پر منبی تھے۔ ان جھوٹے وعدوں کا مقصد صرف عوام سے ووٹ حاصل کرنا تھا۔