محتشم احتشام
پونچھ/ /سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل سرنکوٹ کے دور افتادہ علاقوں کو آپس میں ملانے والی اہم رابطہ سڑک دندلی والا تا شاہ ستار گزشتہ بارہ برسوں سے تعمیراتی سست روی اور مبینہ انتظامی غفلت کی وجہ سے مکمل نہ ہو سکی ہے، جس کے باعث مقامی آبادی شدید مشکلات سے دوچار ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق یہ چار کلومیٹر طویل سڑک نبارڈ اسکیم کے تحت تعمیر کی جانی تھی اور اس کے لیے فنڈز بھی متعلقہ محکمے کی جانب سے جاری کیے جا چکے تھے، تاہم ایک دہائی سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود منصوبہ مکمل نہ ہو سکا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑک کے کچھ حصوں پر ابتدائی کھدائی اور زمین کی تیاری تو کی گئی، لیکن بعد ازاں کام مکمل طور پر بند کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں پورا راستہ کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے۔
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ سڑک کی ابتر حالت نے روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ طلبہ کو تعلیمی اداروں تک پہنچنے میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے، جبکہ مریضوں کو ہسپتال لے جانے میں بھی خطرناک صورتحال پیدا ہو جاتی ہے۔ اسی طرح سرکاری و نجی ملازمین اور تاجروں کو بھی آمد و رفت میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ معمولی بارش کے دوران سڑک کی حالت مزید خراب ہو جاتی ہے اور جگہ جگہ کیچڑ جمع ہونے سے راستہ بند جیسا ہو جاتا ہے، جبکہ خشک موسم میں گرد و غبار لوگوں کے لیے مزید پریشانی کا سبب بنتا ہے۔مقامی لوگوں نے یہ بھی بتایا کہ اس سڑک پر کئی نوجوانوں نے سرکاری قرضہ اسکیموں کے تحت گاڑیاں خریدی ہیں تاکہ روزگار کما سکیں، مگر خراب سڑک کے باعث گاڑیاں بار بار خراب ہو رہی ہیں جس سے انہیں بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ کئی افراد بینک قرضوں کی اقساط وقت پر ادا کرنے میں ناکام ہو رہے ہیں اور معاشی بحران کا شکار ہیں۔علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا کہ متعلقہ افسران اور محکمہ تعمیرات عامہ کے اہلکار خود اسی راستے سے سفر کرتے ہیں، لیکن اس کے باوجود سڑک کی خستہ حالی پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ سڑک کئی دیہات کی زندگی کی شہ رگ کی حیثیت رکھتی ہے، مگر مسلسل غفلت نے پورے علاقے کو ترقی سے محروم کر دیا ہے۔عوام، سماجی کارکنان اور ٹرانسپورٹ مالکان نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ، ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور متعلقہ محکمہ سے اپیل کی ہے کہ اس اہم منصوبے کو فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو برسوں سے جاری مشکلات سے نجات مل سکے۔