عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//حلقہ حویلی میں ترقیاتی سرگرمیوں کو ایک نئی سمت دیتے ہوئے عوامی نمائندے رکن قانون ساز اسمبلی اعجاز احمد جان نے دعویٰ کیا ہے کہ حلقے کے پانچ بلاکس میں 224 کلو میٹر پر مشتمل 55 سڑکوں کی فراہمی عمل میں لائی گئی ہے، جسے جموں و کشمیر کی تاریخ میں سڑکوں کی تعمیر و منظوری کے حوالے سے ایک غیر معمولی اور ریکارڈ ساز کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔اپنے ایک بیان میں عوامی نمائندے نے اس کامیابی کو اللہ تعالیٰ کا خاص فضل و کرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی محبت، دعاؤں اور اعتماد نے انہیں دور افتادہ اور سرحدی علاقوں کی خدمت کے قابل بنایا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی کسی ایک فرد کی نہیں بلکہ حلقہ حویلی کے ہر بزرگ، ماں، نوجوان اور بچے کی اجتماعی کامیابی ہے جنہوں نے ہر مرحلے پر ان کا ساتھ دیا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرحدی اور پسماندہ علاقوں کی ترقی ہمیشہ ان کی اولین ترجیح رہے گی اور عوامی خدمت کا یہ سفر مزید عزم، خلوص اور تیزی کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بہتر سڑکیں نہ صرف آمد و رفت کو آسان بناتی ہیں بلکہ تعلیم، صحت، تجارت اور روزگار کے مواقع کو بھی فروغ دیتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت کی توجہ دیہی اور سرحدی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی پر مرکوز ہے تاکہ عام لوگوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔علاقے کے عوام نے اس ترقیاتی پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔