عوام کو شدید مشکلات کا سامنا،سڑک کی فوری مرمت کا مطالبہ
عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کے دورافتادہ علاقہ سب ڈویژن مڑواہ کے نواپاچی۔دیہرنا رابطہ سڑک کی خستہ حالی نے مقامی آبادی کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔ عوامی حلقوں نے متعلقہ محکمہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ کے فعال ہونے کے باوجود زمینی سطح پر کوئی خاطر خواہ کام نظر نہیں آ رہا ۔ تفصیلات کے مطابق نواپاچی سے ہنزال تک سڑک کی حالت انتہائی خراب ہو چکی ہے۔ سڑک جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جبکہ نالوں کا پانی سڑک پر بہہ رہا ہے جس سے راستہ نہ صرف دشوار بلکہ خطرناک بھی بن چکا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بارشوں کے دوران صورتحال مزید ابتر ہو جاتی ہے اور حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ اسی طرح نواپاچی سے چینجر تک سڑک کے کنارے موجود نالہ گزشتہ دو سے تین سال سے صاف نہیں کیا گیا ہے۔ نالے میں جمع مٹی اور پتھر سڑک پر آ چکے ہیں جس سے آمدورفت میں شدید رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔ عوام نے شکایت کی ہے کہ کئی بار متعلقہ حکام کو آگاہ کرنے کے باوجود اب تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔چینجر سے ہائنان تک سڑک کی حالت بھی ناگفتہ بہ ہے۔ سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جبکہ نکاسی آب کے نظام کی مرمت نہ ہونے کی وجہ سے پانی سڑک پر جمع ہو رہا ہے جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے کہا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پران علاقوں کے لوگ اس سڑک سے گزرتے ہیں اور انہیں سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بیماروں، طلبہ اور دیگر مسافروں کے لیے یہ راستہ انتہائی تکلیف دہ بن چکا ہے۔ عوام نے ضلع انتظامیہ و متعلقہ محکمہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سڑک کی مرمت نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ لوگوں نے خبردار کیا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو عوام احتجاج کرنے پر مجبور ہوگی۔