محمد تسکین
بانہال// شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان نے منشیات کے خلاف بیداری پیدا کرنے اور حال ہی میں رہا ہونے والے ممبر اسمبلی ڈوڈہ معراج ملک سے ملاقات کیلئے ایک منفرد سفر کا آغاز کیا ہے ۔ پیدل سفر کرنے والا نوجوان شاہد ظہور ساکنہ روہامہ بارہمولہ تقریباً 270کلو میٹر طویل پیدل سفر طے کرکے ڈوڈہ پہنچ رہے ہیں جہاں وہ معراج ملک سے ملاقات کرینگے جس کیلئے وہ بے چین ہیں۔ سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں سے جڑے شاہد ظہور کے اس عزم اور محنت بھرے سفر نے راستے میں لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی ہے اور منگل کے روز چندرکوٹ میں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ اپنے سفر کے دوران شاہد ظہور مختلف مقامات پر قیام کرتے ہوئے مقامی لوگوں سے ملاقات کرکے آگے بڑھے اور جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی جانب سے شروع کی گئی 100 روزہ منشیات مخالف مہم کی حمایت پر عوام کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔وہ اس موقع کو منشیات کے مضر اثرات کے بارے میں بیداری پھیلانے کیلئے بھی استعمال کر رہے ہیں اور لوگوں سے اپیل کر رہے ہیں کہ وہ اجتماعی طور پر نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ پورے ملک کو منشیات سے پاک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔شاہد ظہور کا کہنا ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں جاری منشیات مخالف اقدامات سے متاثر ہوئے ہیں اور وہ عوام سے براہِ راست رابطہ قائم کر کے نچلی سطح پر اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔راستے میں ان سے ملنے والے مقامی افراد نے ان کی اس کوشش کی سراہنا کی ہے۔