محتشم احتشام
پونچھ//ملک کی تین ریاستوں مغربی بنگال، آسام اور پڈوچیری میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کی نمایاں کامیابی کے بعد سرحدی ضلع پونچھ میں پارٹی کارکنان اور قائدین نے بھرپور جشن منایا، جس میں جوش، ولولہ اور سیاسی وابستگی کا واضح اظہار دیکھنے میں آیا۔اس موقع پر بی جے پی کے سینئر رہنما اور سابق ایم ایل سی پردیپ شرما کی قیادت میں ایک پْرجوش ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں بڑی تعداد میں کارکنان اور حامی شریک ہوئے، جنہوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے پارٹی کے حق میں نعرے لگائے۔
پورا علاقہ ’بھارت ماتا کی جے‘ اور دیگر نعروں سے گونج اٹھا، جس سے ایک پْراثر سیاسی ماحول قائم ہو گیا۔ریلی کے دوران کارکنان نے مٹھائیاں تقسیم کر کے اپنی خوشی کا اظہار کیا اور عوام کو اس کامیابی میں شریک کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی عوامی اعتماد، مضبوط قیادت اور ترقیاتی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نریندر مودی کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی گئی اور ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔اپنے خطاب میں پردیپ شرما نے کہا کہ بی جے پی کی مسلسل کامیابیاں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ عوام پارٹی کے وڑن، شفاف طرز حکمرانی اور ترقیاتی ایجنڈے کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی مستقبل میں بھی عوامی خدمت اور فلاحی منصوبوں کو اولین ترجیح دیتی رہے گی۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پونچھ جیسے سرحدی اضلاع میں بی جے پی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت ایک مثبت تبدیلی کی علامت ہے، جہاں عوام اب ایک مضبوط اور متحرک سیاسی متبادل کو اختیار کر رہے ہیں۔ریلی کے اختتام پر کارکنان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پارٹی کے نظریات کو مزید وسعت دینے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ یہ جشن نہ صرف ایک سیاسی کامیابی کا اظہار تھا بلکہ کارکنان کے اتحاد، جذبے اور تنظیمی قوت کی بھی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔