محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کے مختلف علاقوں میں چلنے والی اسکول وینز کے مالکان کی جانب سے ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر عوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ مقامی باشندوں کے مطابق یہ وینز نہ صرف لازمی پیلے نمبر پلیٹس کے بغیر چل رہی ہیں بلکہ ان میں غیر ضروری میوزک سسٹمز بھی نصب ہیں اور طلبہ کو خطرناک حد تک گنجائش سے کہیں زیادہ بٹھایا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک وین، جس کی نشستوں کی گنجائش محض 8 افراد ہے، میں 22 سے 24 طلبہ تک کو ٹھونس کر بٹھایا جا رہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ عمل کسی بڑے سانحے کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ایک مقامی شہری نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ‘‘اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آ گیا تو اس کی ذمہ داری کون لے گا؟’رہائشیوں نے مزید الزام عائد کیا کہ یہ وینز تنگ گلیوں اور محلوں میں تیز رفتاری سے چلائی جاتی ہیں، جس سے نہ صرف بچوں بلکہ عام پیدل چلنے والوں کی زندگیاں بھی خطرے میں پڑ گئی ہیں۔ حیران کن طور پر ان کھلی خلاف ورزیوں کے باوجود متعلقہ محکمہ ٹریفک کی جانب سے مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔عوامی حلقوں نے ضلع انتظامیہ اور ٹریفک حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکول وینز کے خلاف سخت چیکنگ مہم چلائی جائے، اوورلوڈنگ اور غیر قانونی سرگرمیوں پر فوری پابندی عائد کی جائے اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ معصوم بچوں کی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔