عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//شوپیان کے چڈی پورہ زینہ پورہ علاقے میں اس وقت صف ماتم بچھ گئی جب ایک معصوم بچی نالے میں ڈوب گئی۔بچی جس کی شناخت شازیہ ممتاز دختر ممتاز احمد نیراسی جو ریاسی سے تعلق رکھتے ہیں ، زینہ پورہ کے چڈی پورہ میں مقیم ہیں، کرایہ کی رہائش کے قریب ایک ندی میں گر گئی ۔ بچی نالے میں گر جانے کے ساتھ ہی وہاں مقامی لوگوں نے بچائو آپریشن شروع کردیا اور بعد میں اس بچی کی نعش بعد میں ریشی پورہ میں بہاو سے برآمد ہوئی۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔ادھر کھریو کے شرشالی علاقے میں رہائشی مکان کا کنکریٹ سلیب گرنے سے ایک مزدور ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ یہ واقعہ دوپہر کے قریب پیش آیا جب دو مزدور ایک ڈھانچے کو گراتے ہوئے کنکریٹ کے سلیب کے نیچے آگئے۔
انہوں نے کہا کہ زخمیوں کی شناخت محمد یونس بٹ ولد غلام نبی بٹ اور طارق احمد لون ولد غلام محمد لون عمر 32 سال دونوں شارشالی کھریو کے بطو ر ہوئی۔ حکام نے بتایا کہ دونوں کو فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ اسپتال پانپور میں علاج کے لیے منتقل کیا گیا، جہاں محمد یونس بٹ جو کہ شدید زخمی تھے، دم توڑ گئے۔دوسرے زخمی مزدور کو معمولی چوٹیں آئی ہیں اور اس کا علاج جاری ہے۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔اس دوران 2 سالہ بچہ جو فروٹ منڈی پارم پورہ کا رہنے والا ہے، حادثاتی طور پر فٹ برج کے قریب دریاجہلم میں گر گیا جسے بعد میں ایک مقامی نوجوان نے جہلم میں چھلانگ لگاکر بچا لیا۔ حکام نے بتایا کہ بچے کو زندہ بچا لیا گیا اور فوری طور پر چلڈرن اسپتال بمنہ منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔اس واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ادھرسری نگر کے نیو بائی پاس لسجن علاقے میں الٹنے والے ٹرک سے گر کر شدید زخمی ہونے والا ایک شخص اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک ٹرک نیو بائی پاس لسجن میں سڑک پر الٹ گیا جس کے دوران اس کے اوپر بیٹھے ہوئے ایک شخص کو زخمی حالت میں شناخت کر لیا گیا ہے۔ جیسا کہ محمد اقبال بوکڈا ولد غلام محمد ساکن مزمو قاضی گنڈ جس کی عمر تقریباً 50 سال ہے۔ اسے ابتدائی طور پر ایس ایم ایچ ایس ہسپتال سری نگر منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری تھا۔ تاہم وہ پیر کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔اْدھر ننت ناگ ضلع کے مٹن علاقے میں30 اپریل کو پیش آئے سڑک حادثے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر دو ہو گئی ہے جب ایک اور زخمی نوجوان پیر کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ حکام نے بتایا کہ حادثہ کے پی روڈ پر بمزو کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک گاڑی الٹ گئی، جس سے2نوجوان شدید زخمی ہوئے۔دونوں زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ان میں سے ایک عمر بشیربٹ ساکنہ پازل پورہ بجبہاڑہ واقعے کے فوراً بعد ہی دم توڑ گیا تھا۔ دوسرا زخمی یاور منظور لون ساکنہ پازل پورہ بجبہاڑہ زیر علاج تھا لیکن پیر کی صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، حکام نے بتایا کہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔