عظمیٰ نیوزسروس
ڈوڈہ //اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر ڈوڈہ کے دفتر نے زیرِ التواء چالانوں اور بار بار ٹریفک خلاف ورزیوں میں ملوث گاڑیوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 31روٹ پرمٹس اور 577رجسٹریشن سرٹیفکیٹس معطل کر دئے ہیں۔حکام کے مطابق یہ گاڑیاں ویہان پورٹل کے ذریعے شناخت کی گئی ہیں، جن کے خلاف موٹر وہیکل ایکٹ 1988کے تحت متعدد خلاف ورزیاں اور بقایا چالان موجود تھے۔جاری کردہ احکامات میں کہا گیا ہے کہ اس نوعیت کی مسلسل خلاف ورزیاں عوامی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور ٹریفک قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی عکاسی کرتی ہیں۔ موٹر وہیکل ایکٹ 1988کی دفعہ 86کے تحت ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ان گاڑیوں کے روٹ پرمٹس اور آر سیز کو فوری طور پر تین ماہ کے لیے یا تمام بقایا چالان جمع ہونے اور قانونی تقاضے پورے ہونے تک معطل کر دیا ہے۔اے آر ٹی او دفتر نے متعلقہ گاڑی مالکان اور آپریٹرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے بقایا چالان ادا کریں اور قوانین کی مکمل پابندی کریں۔ واضح کیا گیا ہے کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں مزید سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔