مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا، ممبر اسمبلی کی یقین دہانی کو عملی جامہ پہنانے کا انتظار
زاہد بشیر
گول؍؍ سب ڈسٹرکٹ ہسپتال گول میں گزشتہ چھ روز سے ایکسرے خدمات مکمل طور پر بند ہونے کے باعث مریضوں اور ان کے لواحقین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ہسپتال آنے والے مریضوں کو تشخیصی سہولیات کی عدم دستیابی کے سبب لوگ کافی پریشان ہیں ۔ لوگوں کو رام بن ، کشمیر یا جموں ایکسرے کے لئے جانا پڑتا ہے ۔نیشنل ہیلتھ مشن (این ایچ ایم) کے ڈائریکٹر کی جانب ایک نوٹس جاری کیا گیا ہے جو اس ایکسرے سیکشن کے دروازے پر چسپاں ہے میں بتایا گیا ہے کہ ٹیلی ریڈیالوجی خدمات کو فوری طور پر بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ ’’جو این ایچ ایم کے تحت جموں و کشمیر کے صحت مراکز میں ٹیلی ریڈیولوجی خدمات فراہم کرنے کے لیے تھا، نیز 17/02/2020 کو کیے گئے معاہدے (MoU) کے تحت، جس کی مدت 30/06/2025 کو ختم ہو چکی ہے اور مجاز اتھارٹی کی طرف سے اس میں کوئی توسیع نہیں کی گئی۔مزید برآں، انتظامی محکمہ کی جانب سے 20/04/2026 کی ہدایت کے پیش نظر، آپ کو ہدایت دی جاتی ہے کہ جموں و کشمیر میں این ایچ ایم کے تحت صحت مراکز میں ٹیلی ریڈیولوجی خدمات (بشمول CT اسکین اور ایکسرے) کی فراہمی سے متعلق تمام آپریشنز فوری طور پر بند کر دیں۔‘‘اسی حکم کے بعد ہسپتال میں ایکسرے سمیت دیگر ریڈیالوجی سہولیات متاثر ہو گئی ہیں۔مریضوں نے شکایت کی کہ سرکاری ہسپتال میں بنیادی سہولت بند ہونے سے انہیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ غریب اور طبقے کے اتنا دور یا نجی کلنکوں میں اخراجات برداشت کرنے سے قاصر ہیں۔مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایکسرے خدمات کو فوری طور پر بحال کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔اس سلسلے میں جب ایم ایل اے بانہال سجاد شاہین سے پوچھا گیا تو اُن کا کہنا ہے کہ وہ اس سے بے خبر ہیں کہ ایک ہفتے سے یہ سہولیات بند ہیں اور کہا کہ وہ فوری طور پر اس مسئلے کا اذالہ کرنے کے لئے ڈائریکٹر ہیلتھ سے بات کریں گے ۔وہیں بی ایم او گول نے کہا کہ یہ این ایچ ایم کی جانب سے پورے جموں وکشمیر میں نوٹس جاری کیا گیا ہے جہاں جہاں اُن کی جانب سے اس طرح کی سہولیات دستیاب ہیں وہی بند کیا گیا ہے، ہسپتال کی جو اپنی ایکسرے مشین ہے وہ پرانی ہے اور اس سے سارے ایکسرے بھی نہیں ہوتے اور یہ این ایچ ایم کی طرف سے جو ایکسرے تھا وہ مفت میں بھی تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ایم ایل اے نے جو یقین دہانی کرائی تھی وہ جلد ازجلد ہسپتال میں نئی ایکسرے مشین فراہم کریں گے تا کہ لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔