عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کل بڈگام میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی بنیاد یہاں کے مخلص، بے لوث کارکنان اور خصوصاً شہدائے کشمیر کی عظیم قربانیوں پر استوار ہے، ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ دفعہ370کی بحالی کی جدوجہد کر نیشنل کانفرنس کا بنیادی ایجنڈا ہے اور اس جدوجہد سے پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے اور ہماری جماعت ہر حال میں جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کیلئے لڑتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہر سٹیج اور ہر ایوان میں جموںوکشمیر کے عوام کے جمہوری اور آئینی حقوق کی بحالی کا معاملہ اْجاگر کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی درجہ کی بحالی انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس سے عوامی حکومت مزید مؤثر طریقے سے اور بنا کسی رکاوٹ کے عوامی خدمت اور اہم و مشکل فیصلے لے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموںو کشمیر جیسی حساس ریاست میں دوہرا نظام تباہی اور بربادی کا سبب بن سکتا ہے اور ایک جمہوری ملک میں عوام کی طرف سے بھاری اکثریت سے منتخب کی گئی حکومت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ہے اور ایک ریاست میں جمہوری طرز پر کام کرنے میں رکاوٹ پیدا کرنے کا کوئی جواز نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے جموں وکشمیر کے عوام کیساتھ الیکشن کے فوراً بعد ریاستی درجے کی بحالی کا وعدہ کیا ہے اور اب حکومت کے قیام کو ڈیڑھ سال سے زیادہ وقت ہوگیا ہے، مرکزی حکومت کو اپنے اس وعدے کو مزید دیر کئے فوری طور پر پورا کرنا چاہئے۔ اس کے علاوہ ملک کی سب سے بڑی عدالت سپریم کورٹ نے بھی مرکزی حکومت کو اولین فرصت میں جموں وکشمیر کے ریاستی درجہ کی بحالی کے احکامات صادر کئے ہیں اور جموںوکشمیر کو ریاستی درجے سے محروم رکھنے کا کوئی جواز نہیں بنتاہے۔