یواین آئی
لاہور/اسٹیو اسمتھ نے پاکستان میں مہمان نوازی کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں کھیلنا ان کے لیے بہترین تجربہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ میچز میں شائقین کی کمی محسوس ہو رہی ہے ، تاہم امید ہے کہ مداح ٹی وی پر میچز دیکھ کر لطف اندوز ہو رہے ہوں گے ۔اسمتھ کا کہنا تھا کہ وہ باقی میچز میں اچھی کارکردگی دکھا کر ٹیم کو پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ ٹو میں پہنچانے کی کوشش کریں گے ۔ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں اوپننگ کے کردار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پوزیشن ان کے کھیل کے انداز کے مطابق ہے کیونکہ پاور پلے میں زیادہ مواقع ملتے ہیں۔
انہوں نے پی ایس ایل کو ایک مضبوط اور باصلاحیت لیگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر ٹیم میں معیاری کھلاڑی موجود ہیں اور مقابلہ انتہائی سخت ہے ۔ملتان سلطانز کے نوجوان کھلاڑیوں کے بارے میں انہوں نے دلچسپ انداز میں کہا کہ وہ خود بھی نوجوانوں سے سیکھ رہے ہیں اور وہ انہیں بہت کچھ سکھا رہے ہیں۔اسٹیو اسمتھ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں راولپنڈیز کے خلاف کامیابی کے بعد اپنے اوپننگ پارٹنر صاحبزادہ فرحان کی بھرپور تعریف کی ہے ۔ اسمتھ کی 56 رنز کی اننگز کی بدولت سلطانز نے 167 رنز کا ہدف 10 گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔ کپتان ایشٹن ٹرنر کی جانب سے فراہم کردہ جارحانہ اختتام نے ملتان سلطانز کو پی ایس ایل 2026 کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر پہنچا دیا ہے ۔ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق ہر فرنچائز گروپ مرحلے میں 10 میچز کھیلے گی۔ ملتان سلطانز نے اب تک اپنے 8 میں سے 6 میچز جیت کر پلے آف میں جگہ تقریباً یقینی بنا لی ہے ۔میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جب اسٹیو اسمتھ سے لیگ کے معیار کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے پی ایس ایل کو ایک بہترین لیگ قرار دیا۔ اسمتھ کا کہنا تھا، “یہاں بہت سے متاثر کن کھلاڑی موجود ہیں اور یہ واقعی ایک معیاری لیگ ہے ۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہاں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے اور ہماری اپنی ٹیم میں بھی کئی بہترین کھلاڑی موجود ہیں۔”اسمتھ نے پاکستانی اسٹار بلے باز صاحبزادہ فرحان کے ساتھ اپنی پارٹنرشپ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا، “صاحبزادہ فرحان ٹاپ آرڈر میں جس طرح کھیل کو آگے لے کر بڑھتے ہیں، ان کے ساتھ بیٹنگ کرنا خوش آئند ہے ۔ ہم ایک دوسرے کے ساتھ تال میل بٹھا کر کھیلتے ہیں؛ کبھی میں برق رفتار آغاز کرتا ہوں اور وہ سنبھل کر کھیلتے ہیں، تو کبھی وہ جارحانہ انداز اپناتے ہیں اور میں دوسرا سرا سنبھالتا ہوں۔ ان کے ساتھ یہ شراکت داری ہمارے لیے بہت سودمند رہی ہے ۔”صاحبزادہ فرحان اس وقت ٹورنامنٹ میں ملتان سلطانز کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، جنہوں نے 7 میچوں میں 173 سے زائد کے اسٹرائیک ریٹ سے 269 رنز بنا رکھے ہیں۔