اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ضلع ڈوڈہ کے علاقے بھلیسہ میں ایک دلدوز حادثہ میں جموں سے تعلق رکھنے والا ایک 27سالہ نوجوان ڈاکٹر گہری کھائی میں گرنے کی وجہ سے اپنی جان گنوا بیٹھا۔اطلاعات کے مطابق پرب جوت چلوترا ولد کوشل چند، ساکنہ چاچہ تالاب، باہو فورٹ، جموں چند روز قبل چنوری گندوہ میں اپنے ایک دوست سے ملنے آیا تھاجہاں پیر کی دیر شام وہ اپنے دوست کے ہمراہ گندوہ سے چنوری کی طرف جارہا تھا۔جب وہ دلمیرا موڑ پر پہنچے ۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹر گاڑی سے باہر نکلا جس دوران اس کا پاؤں پھسل گیا اور تقریباً 300فٹ گہری کھائی میں جا گرا۔مقامی لوگوں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر انہیں کھائی سے نکالا اور سب ضلع ہسپتال گندوہ منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی پی او گندوہ لو کرن اور ایس ایچ او گندوہ فاروق احمد موقع پر پہنچ گئے۔پولیس نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ اس دوران ایس ڈی ایم گندوہ (بھلیسہ) ارون کمار بڈیال میڈیا کو بتایا کہ انتظامیہ نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔