عاصف بٹ
کشتواڑ//تازہ برفباری اور خراب موسمی حالات کے باعث کشتواڑ سے سنتھن ٹاپ کے راستے اننت ناگ کو ملانے والی اہم قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت جزوی طور پر متاثر ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق جمعہ کی صبح سنتھن ٹاپ اور اس کے قریبی پہاڑوں پر ہوئی تازہ برفباری کے نتیجے میں سڑک پر برف جم گئی ہے، جس کے باعث کئی مقامات پر پھسلن پیدا ہو گئی اور گاڑیوں کی نقل و حرکت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ این ایچ ائی ڈی سی ایل حکام نے بتایا کہ بعض حساس مقامات پر احتیاطی طور پر گاڑیوں کی آمدورفت کو محدود کر دیا گیا ہے جبکہ سڑک کو صاف کرنے کا کام جاری ہے۔ اس دوران مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور سفر سے قبل تازہ ٹریفک اپڈیٹ حاصل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ کشتواڑ-سنتھن-اننت ناگ شاہراہ ایک اہم رابطہ سڑک ہے جو ضلع کشتواڑ کو وادی کشمیر سے جوڑتی ہے اور سنتھن ٹاپ کے برفباری سے متاثر ہونے کی وجہ سے اکثر موسم سرما اور خراب موسم میں بند یا متاثر رہتی ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موسم میں بہتری کے ساتھ ہی سڑک کو مکمل طور پر بحال کرنے کی کوششیں جاری رہیں گی، تاہم فی الحال مسافروں کو محتاط رہنے اور ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
ضلع ڈوڈہ میں دوسرے روز بھی موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ضلع ڈوڈہ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں جمعہ کو مسلسل دوسرے روز بھی موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہا، جس کے نتیجے میں پورے خطے میں معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں۔بارشوں کی وجہ سے جہاں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، وہیں مقامی ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے اس دوران متعدد علاقوں میں پانی و بجلی نظام متاثر ہوا ہے۔مسلسل بارشوں کے باعث ڈوڈہ-کشتواڑ شاہراہ سمیت کئی رابطہ سڑکوں پر پسیاں گرنے اورہلکے پتھر آنے کی اطلاعات ملی ہیں،تاہم ٹریفک نظام معمول کے مطابق بحال رہا۔ضلع کے اندرونی حصوں اور بازاروں میں پانی جمع ہونے سے پیدل چلنے والوں اور دکانداروں کو سخت دشواری پیش آئی۔بارش کی وجہ سے بازاروں میں چہل پہل کم رہی اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔کئی دیہی علاقوں میں تیز ہواؤں اور بارش کے باعث بجلی کے نظام میں خلل پڑا ہے، جبکہ پینے کے صاف پانی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق، مغربی ہواؤں کے زیر اثر آنے والے اس سسٹم کی وجہ سے اگلے 24گھنٹوں کے دوران مزید بارشیں اور بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ضلعی انتظامیہ نے عوام بالخصوص ندی نالوں اور ڈھلان والے علاقوں کے قریب رہنے والے لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ہلکی بارشوں کے بیچ قومی شاہراہ پر ٹریفک رواں
محمد تسکین
بانہال// جمعرات کی شام سے جمعہ کی دوپہر تک ضلع رامبن کے مختلف علاقوں میں ہلکی ہلکی بارشیں ہوئیں تاہم بعد میں بارشیں تھم گئیں اور جمعہ شام تک موسم ابرآلود تھا ۔ اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر معمول کا دو طرفہ ٹریفک بغیر کسی خلل کے جاری ہے اور جمعہ شام تک ہزاروں کی تعداد میں مسافر اور مال گاڑیوں نے شاہراہ پر سفر کیا اور یہ سلسلہ شام تک جاری تھا ۔