عظمیٰ نیوزسروس
کشتواڑ//محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس نے ’100روزہ نشہ مُکت جموں و کشمیر ابھیان‘ کے تحت ’’کھیلوں کا انتخاب کریں، منشیات کانہیں‘‘ کے عنوان سے کرکٹ مقابلوں کا انعقاد کیا۔اس اقدام میں طلبہ اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی، جو صحت مند اور منشیات سے پاک طرزِ زندگی کو فروغ دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔تمام زونز میں میچز منظم اور کھیل کے جذبے کے ساتھ منعقد کیے گئے، جس سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا اور انہیں مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھا گیا۔ضلع یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس آفیسر جعفر حیدر شیخ نے کھلاڑیوں، عہدیداروں اور فیلڈ اسٹاف سے بات چیت کرتے ہوئے منشیات سے دور رہنے اور کھیلوں کو مثبت متبادل کے طور پر اپنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بناتے ہیں بلکہ نوجوانوں میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور مقصدیت کا احساس بھی پیدا کرتے ہیں۔