عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے وزیر اعظم نریندر مودی اور سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے قومی شاہراہ 244 پر سدھ مہادیو۔درنگہ اور سنگھپورہ۔ وائیلُو ٹنل منصوبوں کی منظوری دی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبے رابطہ کاری کو نمایاں طور پر مضبوط کریں گے، ہر موسم میں آمد و رفت کو ممکن بنائیں گے، اور چناب ویلی اور ملحقہ علاقوں میں اقتصادی ترقی کو تیز کریں گے۔
اپنی سابقہ مداخلت کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ سال جون میں انہوں نے وزیر اعظم اور مرکزی وزیر کو خط لکھ کر ان منصوبوں میں تاخیر کی نشاندہی کی تھی اور ان پر فوری غور کرنے کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے زور دیا تھا کہ ان منصوبوں کو وزارتِ سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہوں کی این ایچ (او) سکیم کے تحت ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جائے تاکہ ان کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جا سکے، جو جموں و کشمیر اور ملک کی مجموعی ترقی کے وژن سے ہم آہنگ ہو۔اپنے خط میں وزیر اعلیٰ نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی تھی کہ این ایچ-244 کے دیگر منصوبے جہاں این ایچ آئی ڈی سی ایل کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں، وہیں ان دو اہم سرنگوں میں تاخیر چناب خطے کے متوقع سماجی و اقتصادی فوائد میں رکاوٹ بن رہی ہے اور اس علاقے کو معاشی پسماندگی سے نکالنے کی کوششوں کو متاثر کر رہی ہے۔