محمد تسکین
بانہال // ضلع رام بن کی تحصیل رامسو کے دور افتادہ علاقہ نیل میں بنیادی سہولیات کی شدید کمی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ نیل ۔ چملواس رابطہ سڑک گزشتہ کئی دہائیوں سے محکمانہ غفلت اور عدم توجہی کا شکار ہے، جس کے باعث اس کی حالت دن بدن ابتر ہوتی جا رہی ہے۔بانہال سے قریب پچیس کلومیٹر دور نیل سے تعلق رکھنے والے مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پچھلی بارشوں اور برفباری کے بعد نیل ۔ چملواس سڑک پر گرنے والے ملبے کو محکمہ تعمیرات عامہ کیطرف سے مستقل طور پر صاف کرنے کے بجائے محض کناروں کی جانب دھکیل دیا جاتا ہے، جس سے سڑک کی چوڑائی خطرناک حد تک سکڑ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال یہاں تک بگڑ چکی ہے کہ بیک وقت دو چھوٹی گاڑیوں کا گزرنا بھی دشوار ہو گیا ہے، جبکہ بڑی گاڑیوں کو ایک دوسرے کو راستہ دینے کے لیے ریوس میں طویل فاصلہ طے کرنا پڑتا ہے، جو کسی بھی وقت حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔ درجنوں دیہات پر مشتمل علاقہ نیل کے مکینوں نے متعلقہ محکمہ کے غیر سنجیدہ رویے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ سڑک کے متعدد حساس مقامات پر حفاظتی دیواریں ہی تعمیر نہیں کی گئی ہیں اور نکاسیٔ آب کا مؤثر نظام موجود نہیں، جبکہ کئی حصوں میں تاحال میکڈم بچھایا جانا باقی ہے، جس سے عوام کو روزمرہ آمد و رفت میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔علاقے کے سیاسی و سماجی کارکن ماسٹر طارق ابراہیم سوہل نیل نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ علاقہ نیل میں بجلی کا نظام بھی انتہائی ناقص اور غیر مستحکم ہے اور معمولی بارش یا تیز ہوا کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہو جاتی ہے، جس سے صارفین کو سخت پریشانی اٹھانی پڑتی ہے جبکہ صارفین بجلی سے باقاعدگی سے اپنے ماہانہ فیس وصول کی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ علاقہ نیل میں بجلی کی سپلائی کو بہتر بنانے کیلئے ممبر اسمبلی بانہال حاجی سجاد شاہین کی کوششوں سے رامسو میں ایک علیحدہ بجلی فیڈر قائم کیا گیا ہے، تاہم تاحال تقریباً بجلی کے تیس کھمبوں پر تار بچھانے کا کام مکمل نہیں ہو سکا اور اس پروجیکٹ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کئی ماہ سے بلاجواز تاخیر ہو رہی ہے۔ طارق ابراہیم سوہل نے علاؤہ نیل کی عوام کی استدعا پر ایم ایل اے سجاد شاہین اور ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن سے پُرزور اپیل کی ہے کہ نیل–چملواس سڑک کی فوری مرمت و اپ گریڈیشن اور بجلی کے نظام کی بہتری کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا جلد از جلد ازالہ ممکن ہو سکے۔