عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ حکومت کا بنیادی فرض عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کا حل یقینی بنانا ہے، کیونکہ عوام ہی اپنے ووٹوں کے ذریعے حکومت کو اقتدار میں لاتے ہیں اور اپنے نمائندوں پر اعتماد کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ عوامی مسائل کا ازالہ حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور موجودہ حکومت اس مقصد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ان باتوں کا اظہار ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کل اپنی رہائش گاہ پر پارٹی لیڈران، عہدیداران اور معزز شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مرکزی حکومت نے سخت رویہ اور انتقامی پالیسی اختیار کر رکھی ہے، جس کے باعث عوام کو آئینی اور جمہوری حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے، جو جمہوریت کے لئے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس جموںوکشمیر کے خصوصی درجہ کی بحالی کیلئے اپنی جدوجہد ہر سطح پر جاری رکھے ہوئے ہے اور پارلیمنٹ سے لیکر ہر ایک ایوان اور سٹیج پر اس کی بحالی کا مطالبہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی درجہ کی واپسی سے ہی یہاں کے عوام میں اعتماد اور بھروسہ قائم کیا جاسکتا ہے اور اسی صورت میں لوگوں کو درپیش تمام مسائل حل کئے جاسکتے ہیں۔ اْن کا کہنا تھا کہ عمر عبداللہ کی حکومت روز اول سے ہی عوامی راحت کے کاموں میں مصروف ہے لیکن ریاستی درجہ کی واپسی کے بعد ہی مؤثر طریقے سے یہاں تعمیر و ترقی اور لوگوں کو درپیش مصائب و مشکلات کو دور کیا جاسکتا ہے۔