عظمیٰ نیوز سروس
اننت ناگ // جموں و کشمیر کے انسداد بدعنوانی بیورو نے پولیس سٹیشن لارنو کے ایس پی او(خصوصی پولیس اہلکار) امتیاز احمد بھٹ کو 18000 روپے کی رشوت طلب کرنے اور قبول کرنے کے الزام میں گرفتار کیا۔جے اینڈ کے اینٹی کرپٹنگ بیورو کو ایک تحریری شکایت موصول ہوئی کہ شکایت کنندہ اپنا لوڈ کیریئر چلا رہا تھا اور اسے بڈیہار پل پر پولیس ناکہ پارٹی نے روکا۔ پولیس پارٹی نے لوڈ کیرئیر کی تلاشی لی اور لوڈ کیرئیر کے کاغذات کی جانچ پڑتال کی لیکن شکایت کنندہ کو لوڈ کیرئیر کی دستاویزات واپس نہیں کیں، بلکہ اسے اگلے دن پولیس سٹیشن لارنو میں رپورٹ کرنے کو کہا۔ اگلے دن 27مارچکو شکایت کنندہ پولیس سٹیشن لارنو گیا جہاں اس کی ملاقات ایس پی او امتیاز احمد بھٹ سے ہوئی جنہوں نے زبانی طور پر دستاویزات کے اجرا کے لیے 30000 کی رقم ادا کرنے کا مطالبہ کیا لیکن بعد میں فون پر 25000 روپے کی رقم کا مطالبہ کیا، جو بالآخر 8000 پر طے پا گیا۔شکایت کنندہ نے رشوت نہ دینے کا انتخاب کیا اور اس کے بجائے مذکورہ پولیس اہلکار کے خلاف قانون کے مطابق قانونی کارروائی کرنے کے لیے اینٹی کرپشن بیورو سے رجوع کیا۔شکایت موصول ہونے پر، ایک محتاط تصدیق کی گئی اور کیس ایف آئی آر نمبر 03/2026 پی سی ایکٹ 1988 کے تحت 7 ترمیمی ایکٹ 2018 کے ساتھ پی ایس اے سی بی اننت ناگ میں درج کیا گیا اور تحقیقات کی گئیں۔تفتیش کے دوران ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے ایک کامیاب جال بچھا کر مذکورہ اہلکار امتیاز احمد بھٹ نمبر 176/SPO تھانہ لارنو اننت ناگ، ولدخضر محمد بھٹ ساکن بٹہ پورہ لارنو کوکرناگ کو رشوت کا مطالبہ کرتے اور قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ اسے موقع پر گرفتار کر لیا گیا اور ٹریپ ٹیم سے وابستہ آزاد گواہوں
کی موجودگی میں اس کے قبضے سے رشوت کی رقم بھی برآمد کر لی گئی۔بعد ازاں ایگزیکٹیو مجسٹریٹس اور آزاد گواہوں کی موجودگی میں ملزم پولیس اہلکار کے رہائشی مکانات کی تلاشی لی گئی۔