عظمیٰ نیوز سروس
جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے اسمبلی میں کہا کہ مالی برس 2024-25اور 2025-26 کے دوران حلقہ عیدگاہ میں آتشزدگی سے متاثرہ کنبوں کو مجموعی طور پر 27.245 لاکھ روپے کی امداد فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے قانون ساز اسمبلی میں رکن اسمبلی مبارک گل کی طرف سے پیش کردہ توجہ دِلائو نوٹس کے جواب میں کہا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران عیدگاہ حلقے میں کل 14 آتشزدگی کے واقعات پیش آئے۔نائب وزیراعلی نے کہا کہ ضلع اِنتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے راحت اور اِمدادی اقدامات شروع کئے گئے تاکہ مزید نقصان سے بچا جاسکے ۔انہوں نے بتایا کہ ایس ڈِی آر ایف کے ضوابط کے تحت مستحق متاثرین کو وقتا فوقتا دستیاب فنڈز سے امداد فراہم کی گئی۔سریندر کمارچودھری نے مزید کہا کہ مالی برس 2024-25 اور 2025-26 کے دوران عیدگاہ حلقہ میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعات میں 20 مکمل طور پر تباہ شدہ گھروں کے مالکان کو فی گھر 1.30 لاکھ روپے، 15 جزوی طور پر متاثرہ پکے گھروں کے لئے فی گھر 6,500 روپے، 3 مکمل طور پر تباہ شدہ جھونپڑیوں کے لئے فی جھونپڑی 8,000 روپے اور ایک مویشی شیڈ کے نقصان پر 3,000 روپے امداد فراہم کی گئی۔انہوں نے کہا کہ سال 2026 کے حالیہ آتشزدگی کے واقعات زیر غور ہیں اور مستحق افراد کو ایس ڈی آر ایف کے ضوابط کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر اِمداد فراہم کی جائے گی۔