غلام محمد
سوپور// ہائگام علاقے کی دو بہنوں نے جدید زرعی ٹیکنالوجی سے لیس ہائبرڈ سبزیوں کی نرسری قائم کرکے خطے میں ایک خاموش مگر موثر زرعی انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے۔ یہ یونٹ نہ صرف معیاری اور بیماریوں سے محفوظ پودے سال بھر فراہم کر رہا ہے بلکہ مقامی کسانوں کو بیرونی منڈیوں پر انحصار سے بھی نجات دلانے کی سمت اہم قدم ثابت ہو رہا ہے۔ اس جدید نرسری میں محفوظ کاشتکاری (Protected Cultivation)، درجہ حرارت کا کنٹرول اور سائنسی بنیادوں پر بیجوں کی تیاری جیسے طریقے اپنائے گئے ہیں، جس سے پیداوار کے معیار اور مقدار دونوں میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔ مقامی کسانوں نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے زرعی شعبے کیلئے ایک بڑی سہولت قرار دیا ہے۔ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ سوپور جیسے علاقوں میں جہاں سیب کی کاشت غالب ہے، زرعی تنوع (Diversification)کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ خواتین کو روزگار کے مواقع فراہم کرکے معاشی خودمختاری کی جانب بھی اہم پیش رفت کی جا رہی ہے۔