عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں و کشمیر اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا دوسرا مرحلہ آج یعنی جمعہ کو شروع ہونے کی امید ہے، اپوزیشن پارٹیاں حکومت کو اس کے انتخابی وعدوں اور ریاست بحالی پر گھیرنے کی تیاری کر رہی ہیں۔2 فروری کو شروع ہونے والے سیشن کے 18 دن کے پہلے نصف حصے کے دوران، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور ان کے وزرا نے مالی سال 2026-27 کا بجٹ اور 2025-26 کے محکمانہ اخراجات پیش کئے، اس کے علاوہ مختلف محکموں کے گرانٹس کی منظوری بھی دی گئی۔
حکام نے بتایا کہ بجٹ سیشن کا دوسرا حصہ مارچ اور اپریل میں بالترتیب چار اور پانچ دن کے کام کاج کاہو گا۔ اپوزیشن جماعتوں کے ارکان پرائیویٹ ممبر کے بل اور مختلف مسائل پر قراردادیں لانے کے لیے تیار ہیں۔ وہ نیشنل کانفرنس حکومت کو اس کے انتخابی وعدوں اور جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی پر بھی گھیر سکتے ہیں۔سپیکر عبدالرحیم راتھر نے کہا کہ سیشن کی تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جس کا مقصد بروقت انعقاد اور وقت کے موثر استعمال کو یقینی بنانا ہے۔ بجٹ اجلاس 4 اپریل کو ختم ہوگا۔