غلام نبی رینہ
کنگن// حالیہ برف باری اور خراب موسمی حالات کی وجہ سے 4 دنوں تک بند رہنے کے بعد، سرینگر لیہہ ہائی وے کے ساتھ واقع زوجیلا پاس کو پیر کو جزوی طور پر ٹریفک کی نقل و حرکت کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا۔حکام نے بتایا کہ راستہ صاف کرنے اور ہائی وے پر نقل و حرکت بحال کرنے کے بعد درجنوں ہلکی موٹر گاڑیوں کو سونمرگ سے لداخ کی طرف جانے کی اجازت دی گئی۔
بی آر او نے دو روز قبل ہائی وے پر برف ہٹانے کا کام شروع کیا تھا اور سڑک کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ٹریفک بحال کر دی گئی۔ایک اہلکار نے بتایا کہ ہلکی موٹر گاڑیوں بشمول مسافر گاڑیوں اور ٹاٹا موبائل گاڑیوں کو دوپہر 2 بجے سے سونمرگ سے کرگل کی طرف جانے کی اجازت دی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ موسمی حالات اور زوجیلا کے ساتھ حساس مقامات پر برفانی تودے گرنے کے خطرے کی وجہ سے بھاری مال بردارگاڑیوں کو ابھی اجازت نہیں دی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے زوجیلا پاس سمیت اونچی جگہوں پر برفباری کے امکانات کے ساتھ آگے موسم کی خرابی کی پیش گوئی کی ہے۔