محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن میں اتوار کی صبح سے شروع ہوئی بارشوں کا سلسلہ پیر کی صبح سے تھم گیا ہے تاہم مسلسل بارش کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری رہی۔ ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ بارشوں کے باوجود شاہراہ پر کوئی بڑی رکاوٹ پیش نہیں آئی اور پھر کی صبح سے ہی معمول کے ٹریفک کو گاڑیاں احتیاط کے ساتھ چلنے کی اجازت تھی۔ اتوار سے شروع ہونے والی بارش کے باعث ضلع رامبن کے بیشتر علاقوں میں موسم ٹھنڈا ہوگیا ہے جبکہ ضلع رام بن کی تقریباً تمام پہاڑیوں تازہ برفباری بھی ریکارڈ کی گئی ہے اس کے علاؤہ خوبصورت مہو منگت وادی میں تازہ برفباری ہوئی ہے جس کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی ہے۔موسم میں اچانک تبدیلی کے باعث ضلع رام بن کے علاقوں میں سردی کی شدت دوبارہ بڑھ گئی ہے اور لوگوں کو ایک مرتبہ پھر گرم کپڑوں کا استعمال کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گزشتہ چند ہفتوں سے جاری خشک موسم کے بعد بارش اور برفباری سے اگرچہ سردی میں اضافہ ہوا ہے، تاہم اس سے پانی کے ذخائر اور زراعت کو فائدہ پہنچنے کی امید بھی پیدا ہوئی ہے۔ادھر محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ خطے میں بدھ کے روز سے مزید بارش کا امکان ہے جو آئندہ کئی روز تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔ محکمہ نے پہاڑی علاقوں میں رہنے والے لوگوں اور مسافروں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے اور کئی برفباری سے متاثرہ علاقوں میں برفانی تودے گرنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا۔ ٹریفک پولیس حکام نے مسافروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ سفر سے قبل ٹریفک ایڈوائزری ضرور چیک کریں اور خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔