محمد تسکین
بانہال // ضلع رام بن کے علاقوں میں پیر کی صبح سے موسم صاف اور آفتاب میں کمال کی تمازت تھی جس سے مارچ کے مہینے میں موسم گرما کا سا گمان ساہوگیا ۔ گرمی کی وجہ سے رام بن کے ساتھ ساتھ ضلع رام بن کے قدرے سرد بانہال ، کھڑی مہو منگت ، پوگل پرستان ، گول اور بٹوت کے علاقوں میں بیشتر لوگوں نے گرم کپڑوں کو الوداع کہنا شروع کر دیا اور لوگ ایک ایک قمیض اور ٹی شرٹ میں گھوم رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے منگل سے آئندہ کئی روز تک موسم کے بدلاؤ اور کئی علاقوں میں بارشوں اور دور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔ پیر کی دوپہر بعد سے بانہال اور رام بن۔ کے علاقوں میں بیچ بیچ میں بادل بھی چھائے رہے اور شام تک بادل آسمان کو آہستہ آہستہ گھیر رہے ہیں۔ اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی دو طرفہ آمدورفت بغیر کسی خلل کے جاری رہی تاہم رام بن ضلع میں کئی مقامات پر شاہراہ یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل ہے جس سے ٹریفک کی روانی اثر انداز ہوئی۔ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹر جموں و کشمیر کی جانب سے جاری ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ پر ماروگ اور کشتواڑی پتھر کے درمیان کئی مقامات پر سنگل لین ٹریفک ہے اور بعض بھاری گاڑیوں کے بیچ سڑک میں خراب ہونے کے باعث گاڑیوں کی آمدورفت سست رہی۔ادھر کشتواڑسنتھن اننت ناگ شاہراہ پر ایس ڈی ایم چھاترو کے حکم نامے کے مطابق موافق موسم اور این ایچ آئی ڈی سی ایل کی منظوری کے بعد صرف ہلکی مسافر گاڑیوں اور پرائیویٹ کاروں کو دونوں اطراف سنتھن ٹاپ کے راستے صبح 9 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک سفر کی اجازت ہوگی۔اسی طرح سرینگرسونہ مرگ گمری (ایس ایس جی) روڈ پر موافق موسم کی صورت میں صرف اینٹی اسکیڈ چین سے لیس ہلکی گاڑیوں کو کرگل سے سرینگر کی طرف چلنے کی اجازت ہوگی جبکہ برفانی تودوں کے خدشے کے باعث سہ پہر 3 بجے کے بعد کسی گاڑی کو اجازت نہیں ہوگی۔مغل روڈ پر بھی ضلع انتظامیہ شوپیاں اور پونچھ کے احکامات کے تحت موافق موسم میں صرف ہلکی مسافر گاڑیوں اور پرائیویٹ کاروں کو دونوں اطراف صبح 11 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک سفر کی اجازت ہوگی۔ٹریفک پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر شروع کرنے سے قبل متعلقہ ٹریفک کنٹرول یونٹس سے سڑک کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں اور لین ڈسپلن کی پابندی کریں تاکہ ٹریفک جام سے بچا جا سکے۔