عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا کو تبدیل کرکے ہماچل پردیش کا گورنر مقرر کیاگیا ہے جبکہ اب دہلی کے ایل جی ونئے کمار سکسینہ لداخ کے نئے ایل جی ہونگے ۔اسی طر ح ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل سید عطا حسنین کو بہار کا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔صدرِجمہوریہ درو پدی مرمو نے ڈاکٹر سی وی آنند بوس کا بطور گورنر مغربی بنگال استعفیٰ قبول کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی صدر نے مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں نئے گورنروںاور لیفٹیننٹ گورنروںکی تقرریوں کی منظوری بھی دی ہے۔اس ضمن میں جاری سرکاری اعلامیے کے مطابق صد ر جمہوریہ کے احکامات کے مطابق شیو پرتاپ شکلا، جو اس وقت ہماچل پردیش کے گورنر ہیں، کو تلنگانہ کا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح جشنو دیو ورما، موجودہ گورنر تلنگانہ کو مہاراشٹر کا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔نند کشور یادوکوناگالینڈ کا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل سید عطا حسنین کو بہار کا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔آر این روی، جو اس وقت تمل ناڈو کے گورنر ہیں، کو مغربی بنگال کا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔راجندر وشواناتھ ارلیکر، گورنر کیرالہ کو تمل ناڈو کے گورنر کے فرائض انجام دینے کی اضافی ذمہ داری دی گئی ہے۔کویندر گپتا، جو اس وقت لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر ہیں، کو ہماچل پردیش کا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔ونئے کمار سکسینہ، لیفٹیننٹ گورنر دہلی، کو لداخ کا لیفٹیننٹ گورنر مقرر کیا گیا ہے۔ترنجیت سنگھ سندھو کو دہلی کا نیا لیفٹیننٹ گورنر مقرر کیا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق یہ تمام تقرریاں اس تاریخ سے مؤثر ہوں گی جب متعلقہ افراد اپنے اپنے عہدوں کا چارج سنبھالیں گے۔