عظمیٰ نیوز سروس
جموں// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج کہا کہ جموں و کشمیر حکومت مرکزی وزارت خارجہ کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ ایران میں موجود جموں و کشمیر کے شہریوں، خصوصاً طلبہ، کی حفاظت اور خیریت کو یقینی بنایا جا سکے۔ایران میں پیش آنے والے واقعات، بالخصوص ایران کے سپریم لیڈرآیت اللہ سید علی خامنہ ای کی ہلاکت پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے تمام برادریوں سے امن برقرار رکھنے اور سکون قائم رکھنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا”میں ایران میں ہونے والی افسوسناک پیش رفت، بشمول آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت، پر گہری تشویش میں مبتلا ہوں۔ میں تمام برادریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ پرسکون رہیں، امن قائم رکھیں اور کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کریں جو کشیدگی یا بدامنی کا سبب بن سکتا ہو”-وزیر اعلیٰ نے مزید زور دیا کہ جو لوگ اس واقعے پر سوگوار ہیں انہیں پُرامن طور پر غم منانے کی اجازت دی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا”ہمیں یہ یقینی بنانا ہوگا کہ جموں و کشمیر میں سوگ منانے والے افراد کو پُرامن طریقے سے ایسا کرنے دیا جائے۔ پولیس اور سول انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ انتہائی تحمل کا مظاہرہ کریں اور طاقت کے استعمال یا غیر ضروری پابندیوں سے گریز کریں”. اپنی بات دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت بیرونِ ملک مقیم اپنے شہریوں کے مفادات اور فلاح و بہبود کے تحفظ کیلئے وزارتِ خارجہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔