یواین آئی
نئی دہلی// وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ان 40 اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا جو 2019 کے پلوامہ ملی ٹینٹ حملے میں ہلاک ہوئے تھے، انہوں نے کہا کہ ان کی قربانیاں ملک کو تحریک دیتی رہیں گی۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس پر پوسٹ کیے گئے ایک پیغام میں وزیراعظم نے لکھا کہ “آج کے دن 2019 میں پلوامہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر ہیروز کو یاد کر رہا ہوں، ملک کے لیے ان کی عقیدت، عزم اور خدمت ہمارے اجتماعی شعور میں ہمیشہ کے لیے نقش رہے گی اور ہر ہندوستانی ان کی لازوال ہمت سے طاقت حاصل کرتا ہے۔” 14 فروری 2019 کو جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں حملہ حالیہ تاریخ میں ہندوستانی سکیورٹی فورسز پر ہوئے مہلک حملوں میں سے ایک ہے۔ ایک خودکش حملہ آور نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے قافلے سے ٹکرا دی تھی، جس کے نتیجے میں 40 اہلکار ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوگئے تھے۔ جیش محمد نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔اس واقعے نے ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی تھی، جس کے نتیجے میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا تھا۔وزیراعظم نے کہا کہ پلوامہ کے متاثرین کی ہمت اور قربانی فرض شناسی اور حب الوطنی کی ایک پائیدار علامت بنی رہے گی۔نائب صدر رادھا کرشنن نے کہا کہ سی آر پی ایف اہلکاروں کی عظیم قربانی ہمیشہ قوم کی یاد میں نقش رہے گی۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے سی آر پی ایف اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملی ٹینسی انسانیت کی سب سے بڑی دشمن ہے اور ہندوستان اسے مکمل طور پر ختم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
ملی ٹینسی ختم کرنے کیلئے پر عزم: امت شاہ
نئی دہلی //مرکز وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا ” ملی ٹینسی انسانیت کی سب سے بڑی دشمن ہے، اور ہندوستان اسے مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔”ایکس پر پوسٹ کے ذریعے ایک پیغام میں شاہ نے کہا، “ملک ہمیشہ ملی ٹینسی کا مقابلہ کرنے والی ہماری سیکورٹی فورسز اور سیکورٹی ایجنسیوں کی ہمت، لگن اور قربانیوں کا مقروض رہے گا۔
ایل جی کا خراج عقیدت
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کو سی آر پی ایف کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے 2019 میں اس دن پلوامہ ضلع میں ان کے قافلے پر ملی ٹینٹ حملے میں اپنی جانیں گنوائیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے X پر ایک پوسٹ میں کہا، “2019 میں پلوامہ میں خوفناک حملے کے دوران ڈیوٹی کے دوران اعلیٰ ترین قربانی دینے والے بہادر شہیدوں کو عاجزانہ خراج عقیدت۔ یل جی نے کہا کہ ان کا غیر متزلزل عزم، بے مثال بہادری اور مادر وطن کے لیے بے لوث خدمت ہمیشہ ہر شہری کو متاثر کرتی رہے گی۔
ملی ٹینسی کا صفایا کرنا فرض : سی آر پی ایف
پلوامہ// مہلک پلوامہ حملے کی برسی کے موقع پر سی آر پی ایف سربراہ گیانیندر پرتاپ سنگھ نے ملک میں ملی ٹینسی کی تمام شکلوں کو ختم کرنے کے لیے فورس کے عزم پر زور دیا۔سنگھ نے 40 سی آر پی ایف اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد صحافیوں کو بتایا، “سی آر پی ایف ملک سے ہر قسم کی ملی ٹینسی کا صفایا کرنے کا پابند ہے۔” ۔فوج اور جموں و کشمیر پولیس کے سینئر افسران کے ساتھ سی آر پی ایف کے اعلیٰ افسران نے حملے کی ساتویں برسی پر سی آر پی ایف اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ڈی جی نے کہا، “ہم نے اس دن اپنے 40 بہادر جوانوں کو کھو دیا ہے، ہم ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے (حملے کے) مقام کے قریب ہیں۔”