محمد تسکین
بانہال //جموں سرینگر قومی شاہراہ کے حادثاتی سیکٹر میں واقع ضلع ہسپتال رامبن اور ٹراما سینٹر رامبن میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاث کی بڑی تعداد میں خالی آسامیوں نے نظامِ صحت پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیئے ہیں اور ان اہم ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی کی وجہ سے مریضوں کو بہتر علاج کیلئے جموں کے ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کئی اہم شعبوں میں ماہر ڈاکٹروں اور تکنیکی عملے کی کمی کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق ضلع ہسپتال ہسپتال رام بن ڈاکٹروں (گزٹڈ کیڈر) میں متعدد اہم اسامیاں خالی پڑی ہیں جن میں بی گریڈ سرجن، ایم سی ایچ سپیشلسٹ، ماہر امراض جلد ، آرتھوپیڈک ، اینستھیزیا ، کنسلٹنٹ آپتھامولوجسٹ اور ڈینٹل کنسلٹنٹ کی ایک ایک آسامی خالی ہیں جبکہ دو میں سے ایک ماہر امراضِ خواتین اور 18 میڈیکل آفیسرز میں سے 5 آسامیاں خالی ہیں۔ مجموعی طور پر ضلع ہسپتال رام بن میں 35 میں سے صرف 20 ڈاکٹر تعینات ہیں جبکہ 15 آسامیاں خالی پڑی ہیں۔ اس کے علاؤہ نیم طبی عملے یا نان گزیٹڈ عملے میں بھی 112 منظور شدہ آسامیوں میں سے صرف 62 پر آسامیوں کو پْر کیا گیا ہے جبکہ 50 آسامیاں خالی ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ضلع ہسپتال رامبن میں جونیئر فارماسسٹ کی 7 میں سے 6 آسامیاں خالی ہیں۔ سنیئر اسٹاف نرس کی 8 میں سے 4 آسامیاں خالی ہیں جبکہ لیب ٹیکنیشن، تھیٹر ٹیک نیشن، الیکٹریشن، سینیٹری انسپکٹر، پلمبر، فزیوتھراپسٹ، ڈرائیورز اور سینیٹیشن ورکرز کی بھی متعدد آسامیاں خالی ہیں۔ اس اہم ہسپتال میں صفائی عملے کی آٹھ میں سے چھ آسامیاں خالی ہونے سے صفائی ستھرائی کا نظام بھی اثر انداز ہو رہا ہے۔تقریباً دو دہائی قبل قائم ٹراما سینٹر رامبن کی حالت بھی تشویشناک ہے اور سڑک حادثات کے زخمیوں کیلئے قائم اس ٹراما سینٹر کو ابھی تک قابلِ استعمال نہیں بنایا جا سکا ہے۔ٹراما سینٹر رامبن میں بی گریڈ سرجن، گائناکالوجسٹ، پیڈیاٹریشن، اینستھیزیا، آپتھلمولوجی اور ریڈیولوجسٹ کی آسامیاں خالی ہیں جبکہ 6 میڈیکل آفیسرز میں سے صرف 4 تعینات ہیں جبکہ 2 آسامیاں خالی ہیں۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ٹراما سینٹر رامبن میں طبی عملے کی نان گزیٹڈ کیڈر میں 23 آسامیوں میں سے صرف 6 پر عملہ تعینات ہے جبکہ 17 آسامیاں خالی ہیں۔ جونیئر اسٹاف نرس کی 7 میں سے 6 آسامیاں خالی ہیں جبکہ لیب اسسٹنٹ، تھیٹر بوائے، وارڈ بوائے اور ایم ٹی ایس کی بھی کئی آسامیاں خالی پڑی ہیں۔رامبن کے مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ضلع رامبن ایک پہاڑی اور سڑک حادثات سے متاثرہ علاقہ ہے جہاں آئے روز سڑک حادثات کیلئے بدنام علاؤہ ہے اور یہاں آئے روز سڑک حادثات پیش آتے رہتے ہیں اور ایسے میں ٹراما سینٹر اور ضلع ہسپتال رامبن میں ماہر ڈاکٹروں اور عملے کی کمی انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے محکمہ صحت اور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ خالی آسامیوں کو فوری طور پر پْر کیا جائے تاکہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات میسر آسکیں اور انہیں کشمیر اور جموں کے سرکاری اور نجی ہسپتالوں کا رخ نہ کرنا پڑے۔