عظمیٰ ویب ڈیسک
ادھم پور/ضلع ادھم پور کے بسنت گڑھ علاقے میں مشترکہ سیکورٹی فورسز کے ساتھ جاری انکاؤنٹر میں بدھ کے روز دو ملی ٹینٹوں مارے گئے۔ذرائع کے مطابق، فائرنگ کا تبادلہ منگل کے روز اس وقت دوبارہ سے شروع ہوا جب سیکورٹی فورسز نے مخصوص خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر علاقے میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بارے میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔رابطہ قائم ہونے کے فوراً بعد اضافی کمک موقع پر روانہ کی گئی۔ حکام کے مطابق ملی ٹینٹ ایک غار میں چھپے ہوئے تھے، جہاں بعد ازاں انہیں بے اثر کر دیا گیا۔ایک عہدیدار نے کہاکہ انکاؤنٹر میں دو ملی ٹینٹوں کو مار گرایا گیا ہے، جبکہ تلاشی آپریشن تاحال جاری ہے۔
ادھر وائٹ نائٹ کور نے سماجی رابطہ گاہ ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے فراہم کردہ مخصوص خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سی آئی ایف ڈیلٹا اور وائٹ نائٹ کور کے دستوں نے بسنت گڑھ کے جوفر جنگلاتی علاقے میں جے کے پی اور سی آر پی ایف کے ساتھ تال میل سے ایک مرکوز انسدادِ ملی ٹینسی آپریشن شروع کیا، جہاں کسی بھی ممکنہ فرار کو روکنے کے لیے کارڈن کو مزید مضبوط کیا گیا۔
پوسٹ میں کہا گیا،منگل کے روز ملی ٹینٹوں سے رابطہ قائم ہوا اور انہیں کارڈن توڑنے سے روکنے کے لیے مسلسل دباؤ میں رکھا گیا۔ مربوط اور متوازن کارروائی کے بعد دو ملی ٹینٹوں کو کامیابی کے ساتھ مار گرایا گیا ہے ۔پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ یہ آپریشن بین الادارہ ہم آہنگی، حکمتِ عملی کی درستگی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔فوج نے بتایا کہ آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل ہو چکا ہے، تاہم علاقہ بدستور نگرانی میں ہے۔
ادھم پور انکاؤنٹر میں دو ملی ٹینٹ جاں بحق ، آپریشن ہنور جاری : فوج